مری میں انسدادِ ڈینگی اقدامات مزید مؤثر بنانے کی ہدایت
ڈپٹی کمشنر آغا ظہیر عباس شیرازی کی زیرِ صدارت اجلاس، ڈینگی کی صورتحال اور طبی سہولیات کا جائزہ
مری (راجہ عثمان علی)ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی کی زیرِ صدارت انسدادِ ڈینگی کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں سی ای او ہیلتھ، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ، اسسٹنٹ کمشنرز اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں ضلع مری میں ڈینگی کی موجودہ صورتحال، انسدادِ ڈینگی مہم کی پیش رفت اور سرکاری ہسپتالوں میں ڈینگی کے مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ڈپٹی کمشنر آغا ظہیر عباس شیرازی نے ہدایت کی کہ ڈینگی لاروا کی بروقت تلفی کے لیے فیلڈ ٹیموں کی کارکردگی مزید بہتر بنائی جائے اور انسدادِ ڈینگی ایس او پیز پر سو فیصد عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ ڈینگی کے خاتمے کے لیے تمام متعلقہ محکمے باہمی تعاون اور ذمہ داری کے ساتھ کام کریں جبکہ عوامی آگاہی مہم کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ شہریوں کو بھی انسدادِ ڈینگی کی کوششوں میں شامل کیا جا سکے۔





