مورگاہ پولیس کی کارروائی، 3 رکنی گینگ سے ایک کروڑ 3 لاکھ روپے مالیت کے موبائل فون، لیپ ٹاپ، ایئرپوڈز اور گھڑیاں برآمد
راولپنڈی(صنوبر کیانی) مورگاہ پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے بیرون ملک سے وطن واپس آنے والے شہریوں کو لوٹنے والے 3 رکنی بین الاضلاعی گینگ کو گرفتار کرلیا۔ سی پی او حسن مشتاق سکھیرا نے گینگ کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹاسک دیا تھا۔
پولیس کے مطابق ٹیکنیکل اور ہیومن انٹیلی جنس ذرائع بروئے کار لاتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے ایک کروڑ 3 لاکھ روپے مالیت کے 22 موبائل فون، 15 لیپ ٹاپ، 100 ایئرپوڈز اور 100 گھڑیاں برآمد ہوئی ہیں۔
پولیس کے مطابق گرفتار گینگ کا ہدف بیرون ملک سے وطن واپس آنے والے شہری ہوتے تھے۔ ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے جس کے دوران اہم انکشافات متوقع ہیں۔ گینگ کے دیگر ساتھیوں اور سہولت کاروں کی گرفتاری کے لیے بھی کارروائی جاری ہے۔
ایس پی پوٹھوہار چوہدری اثر علی نے کہا کہ گرفتار گینگ کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کے مال و جان کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔





