تھانہ کراچی کمپنی ایس ایچ او ندیم طاہر کی کاروائی۔اغوا کیے گئے چینی شہری کو بحفاظت بازیاب کروا لیا،واردات میں مبینہ طور پر ملوث 09 ملزمان گرفتار
چینی شہری کو سیکٹر G-8اسلام آباد سے اسلحے کے زور پر اغوا کیا اور اس کے خاندان سے ایک لاکھ امریکی ڈالر (US$100,000) تاوان طلب کیا تھا۔واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے پولیس
اسلام آباد(کرائم رپورٹر)اغوا کیے گئے چینی شہری کی بحفاظت بازیابی۔اسلام آباد پولیس نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے اغوا کیے گئے چینی شہری کو بحفاظت بازیاب کروا لیا، جبکہ واردات میں مبینہ طور پر ملوث 09 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والی تین گاڑیاں، لوٹی گئی تمام نقدی رقم اور موبائل فونز بھی برآمد کر لیے۔تفصیلات کے مطابق چینی شہری ژو جیاوی (Zhou Jiawei)، پاسپورٹ نمبر EL7407343، کو آج علی الصبح نامعلوم مسلح افراد نے اس کے ساتھیوں کو اسلحے کے زور پر لوٹنے کے بعد اغوا کیا اور اغوا برائے تاوان کی نیت سے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔ واقعے کی اطلاع تقریباً صبح 06 بجے سیف سٹی کال کے ذریعے پولیس کو موصول ہوئی۔واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد قاضی علی رضا نے ایس پی سٹی زون فلائٹ لیفٹیننٹ (ر) محمد خرم اشرف کی سربراہی میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دیں۔ ٹیموں میں ایس ایچ او کراچی کمپنی ندیم طاہر، ایس ایچ او سہالہ اعوان عباس بمعہ پولیس ٹیمیں اور کرائسس رسپانس ٹیم (CRT) کے اہلکار شامل تھے۔ایس پی سٹی زون فلائٹ لیفٹیننٹ (ر) محمد خرم اشرف کی براہِ راست نگرانی میں پولیس ٹیموں نے تکنیکی اور انسانی ذرائع کو بروئے کار لاتے ہوئے فوری انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن شروع کیا۔ پیشہ ورانہ انداز میں کارروائی کو آگے بڑھاتے ہوئے پولیس نے مغوی کے مقام کا سراغ لگایا اور بحفاظت بازیابی کے لیے مؤثر آپریشن کیا۔کامیاب کارروائی کے نتیجے میں چینی شہری کو تھانہ سہالہ کی حدود سے بحفاظت بازیاب کروا لیا گیا، جبکہ واردات میں مبینہ طور پر ملوث 09ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس نے واردات میں استعمال ہونے والی تینوں گاڑیاں، لوٹی گئی تمام نقدی رقم اور موبائل فونز بھی برآمد کر لیے۔ گرفتار ملزمان کو مزید تفتیش اور قانونی کارروائی کے لیے تھانہ کراچی کمپنی منتقل کر دیا گیا ہے۔ابتدائی تفتیش کے دوران گرفتار ملزمان نے مبینہ طور پر انکشاف کیا کہ انہوں نے چینی شہری کو سیکٹر G-8اسلام آباد سے اسلحے کے زور پر اغوا کیا اور اس کے خاندان سے ایک لاکھ امریکی ڈالر (US$100,000) تاوان طلب کیا تھا۔واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے، جبکہ گرفتار ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔





