یکم نومبر سے ذمہ داریاں سنبھالیں گی، عالمی معیشت اور فضائی شعبے میں وسیع تجربہ رکھنے والی پاکستانی ماہرِ معاشیات کا تاریخی اعزاز
جنیوا (بیورو رپورٹ) عالمی فضائی نقل و حمل کی تنظیم (آئی اے ٹی اے) نے پاکستان سے تعلق رکھنے والی ممتاز ماہرِ معاشیات سعدیہ زاہدی کو اپنا نیا ڈائریکٹر جنرل مقرر کر دیا ہے۔ وہ یکم نومبر سے اپنے عہدے کا چارج سنبھالیں گی اور آئی اے ٹی اے کی تاریخ میں اس منصب پر فائز ہونے والی پہلی خاتون ہوں گی۔
لاہور میں پیدا ہونے والی سعدیہ زاہدی اس وقت ورلڈ اکنامک فورم (ڈبلیو ای ایف) میں منیجنگ ڈائریکٹر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہی ہیں، جہاں وہ عالمی معیشت، روزگار، تعلیم اور مستقبل کی افرادی قوت سے متعلق اہم منصوبوں کی قیادت کر رہی ہیں۔ وہ معروف کتاب "ففٹی ملین رائزنگ” کی مصنفہ بھی ہیں، جس میں مسلم دنیا میں خواتین کی معاشی ترقی کا تفصیلی جائزہ پیش کیا گیا ہے۔
سعدیہ زاہدی نے اسمتھ کالج سے معاشیات میں بی اے، گریجویٹ انسٹی ٹیوٹ جنیوا سے بین الاقوامی معاشیات میں ایم فل اور ہارورڈ یونیورسٹی سے ماسٹر آف پبلک ایڈمنسٹریشن کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔
آئی اے ٹی اے کے مطابق سعدیہ زاہدی کا عالمی سطح پر حاصل کردہ وسیع تجربہ تنظیم اور عالمی ایئرلائن صنعت کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ اپنی تقرری پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے سعدیہ زاہدی نے کہا کہ وہ رکن ایئرلائنز، حکومتوں اور دیگر شراکت داروں کے ساتھ مل کر فضائی سفر کو مزید محفوظ، مؤثر، پائیدار اور جدید بنانے کے لیے بھرپور انداز میں کام کریں گی۔





