ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) ندیم ناصر کے حکم پر میونسپل کارپوریشن کے ایم او آر عمران علی کا بڑا ایکشن

ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) ندیم ناصر کے حکم پر میونسپل کارپوریشن کے ایم او آر عمران علی کا بڑا ایکشن

شہر بھر میں بھینسوں کے طویلوں کے خلاف کریک ڈاؤن، متعدد طویلے سیل

سیلابی طوفان کے بعد شہریوں کا بڑا مطالبہ، نالہ لئی کے اطراف بھینسوں کے طویلوں کے خلاف کارروائی شروع

شہریوں کے مطالبے پر ایکشن، نالہ لئی کے اطراف قائم متعدد طویلے سیل کر دیے گئے

ایم او آر عمران علی کی بہترین کارروائی، شہریوں کی جانب سے کریک ڈاؤن کو سراہا گیا

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر): راولپنڈی میں حالیہ سیلابی طوفان اور نالہ لئی میں طغیانی کے بعد شہریوں کی جانب سے مسلسل مطالبہ کیا جا رہا تھا کہ نالہ لئی کے اطراف قائم بھینسوں کے طویلوں کے خلاف مؤثر کارروائی کی جائے۔ شہریوں کے اس مطالبے پر ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے نوٹس لیتے ہوئے کارروائی کے احکامات جاری کیے۔ڈپٹی کمشنر کے حکم پر میونسپل کارپوریشن راولپنڈی کے ایم او آر عمران علی نے شہر بھر میں بھینسوں کے طویلوں کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن شروع کر دیا، جس کے دوران متعدد طویلے سیل کر دیے گئے۔
ذرائع کے مطابق کارروائی سے قبل متعلقہ طویلوں کے مالکان کو باقاعدہ نوٹسز جاری کیے گئے تھے اور انہیں ضوابط کی پابندی کرنے کی ہدایت کی گئی، تاہم بعض طویلوں کے مالکان کی جانب سے نوٹسز پر عملدرآمد نہ کرنے پر میونسپل کارپوریشن کی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے انہیں سیل کر دیا۔
نالہ لئی کے اطراف قائم بھینسوں کے طویلے شہریوں کے لیے ایک بڑا مسئلہ بن چکے تھے۔ شہریوں کی جانب سے شکایات سامنے آتی رہی ہیں کہ طویلوں سے نکلنے والا گوبر اور دیگر فضلہ نالہ لئی میں پھینکا جاتا ہے، جس سے نالے میں رکاوٹیں پیدا ہونے اور سیلابی صورتحال میں پانی کے بہاؤ کو متاثر کرنے کا خدشہ رہتا ہے۔حالیہ سیلابی طوفان کے بعد شہریوں نے اس معاملے کو مزید شدت سے اٹھاتے ہوئے مطالبہ کیا تھا کہ نالہ لئی کے اطراف موجود طویلوں کے خلاف فوری اور مؤثر کارروائی کی جائے۔ شہریوں کے اس مطالبے کے بعد ضلعی انتظامیہ کی ہدایت پر کارروائی عمل میں لائی گئی۔
ایم او آر عمران علی نے کارروائی کے دوران متعدد طویلے سیل کرنے کے ساتھ متعلقہ ٹیموں کو مزید کارروائیاں جاری رکھنے کی ہدایت بھی کی ہے، تاکہ خلافِ ضابطہ قائم طویلوں کے خلاف بلاامتیاز ایکشن لیا جا سکے۔شہریوں نے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی  کیپٹن(ر) ندیم ناصر کے احکامات پر میونسپل کارپوریشن کے ایم او آر عمران علی کی جانب سے کی جانے والی کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ سیلابی طوفان کے بعد شہریوں کے اہم مطالبے پر بروقت اور مؤثر ایکشن لیا گیا ہے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا کہ نالہ لئی کے اطراف قائم طویلوں کے خلاف کارروائی کو مستقل بنیادوں پر جاری رکھا جائے۔