موٹروے پولیس اور پاکستان کسٹمز کی مشترکہ کامیاب کارروائی، 11 ڈرائیور گرفتار، پشاور سے لاہور اسمگل کیے جانے والے سگریٹس برآمد، قانونی کارروائی کے لیے کسٹمز کے حوالے
اسلام آباد (آصف ملک) نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس اور پاکستان کسٹمز انفورسمنٹ اسلام آباد نے چکری اور بلکسر کے علاقوں میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر مشترکہ انسدادِ اسمگلنگ کارروائی کرتے ہوئے جعلی اور نان کسٹم پیڈ سگریٹوں سے بھرے 11 مزدا ٹرک قبضے میں لے لیے۔ کارروائی کے دوران 11 ڈرائیورز کو بھی حراست میں لیا گیا جبکہ برآمد شدہ سگریٹوں، ٹرکوں اور دیگر ضبط شدہ سامان کی مجموعی مالیت 40 کروڑ روپے سے زائد بتائی گئی ہے۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق اسمگل شدہ نان کسٹم پیڈ سگریٹس پشاور سے لاہور منتقل کیے جا رہے تھے۔ خفیہ اطلاع ملنے پر چکری کے قریب بروقت کارروائی کی گئی، جس کے دوران 11 ٹرکوں کی تلاشی لے کر بھاری مقدار میں نان کسٹم پیڈ اور جعلی سگریٹس برآمد کیے گئے، جن کی مالیت تقریباً 22 کروڑ روپے بتائی گئی۔
پاکستان کسٹمز کے مطابق یہ کارروائی اسمگلنگ کے منظم نیٹ ورک کے خلاف بڑی کامیابی ہے، جس سے غیر قانونی تجارت میں ملوث عناصر کو بھاری نقصان پہنچا ہے۔ برآمد شدہ جعلی سگریٹس نہ صرف قومی محصولات کو نقصان پہنچا رہے تھے بلکہ عوامی صحت کے لیے بھی سنگین خطرہ تھے۔
ترجمان نے کہا کہ ضبط شدہ سگریٹس، 11 مزدا ٹرک اور گرفتار ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے پاکستان کسٹمز کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ پاکستان کسٹمز نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اسمگلنگ، جعلی مصنوعات کی ترسیل اور قومی معیشت کو نقصان پہنچانے والی سرگرمیوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ قانونی تجارت کو فروغ، قومی محصولات کا تحفظ اور جعلی اشیاء کی روک تھام یقینی بنائی جا سکے۔





