ملائیشیا کے وزیر داخلہ کا پاکستان مونومنٹ اور اسلام آباد پولیس لائنز کا دورہ

شہداء کو خراج عقیدت، اسلام آباد پولیس کی پریڈ کا معائنہ، بہترین کارکردگی پر اہلکاروں میں انعامات تقسیم

اسلام آباد(اظہار خان نیازی) ملائیشیا کے وزیر داخلہ سیف الدین ناسوتیون بن اسماعیل نے وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کے ہمراہ پاکستان مونومنٹ اور اسلام آباد پولیس لائنز کا دورہ کیا۔ پاکستان مونومنٹ آمد پر فیڈرل کانسٹیبلری کے چاق و چوبند دستے نے ملائیشیا کے وزیر داخلہ کو شاندار سلامی پیش کی۔ ملائیشیا کے وزیر داخلہ نے یادگار شہداء پر حاضری دی، پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کرتے ہوئے شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہیں پاکستان مونومنٹ کی تاریخی اہمیت کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی، جس پر انہوں نے یادگار شہداء اور پاکستان مونومنٹ کی تاریخی اہمیت کو سراہا۔

بعد ازاں ملائیشیا کے وزیر داخلہ کے اعزاز میں اسلام آباد پولیس لائنز میں شاندار پریڈ کا انعقاد کیا گیا۔ اسلام آباد پولیس کے خصوصی دستے نے انہیں سلامی پیش کی جبکہ اس موقع پر پاکستان اور ملائیشیا کے قومی ترانے بجائے گئے۔ ملائیشیا کے وزیر داخلہ نے اسلام آباد پولیس کی پریڈ کا معائنہ کیا اور جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔ انہوں نے اسلام آباد پولیس کی شاندار کارکردگی پر اہلکاروں میں انعامات بھی تقسیم کیے۔

اس موقع پر آئی جی فیڈرل کانسٹیبلری ریاض نذیر گاڑا، آئی جی اسلام آباد پولیس علی ناصر رضوی، ڈی آئی جی اسلام آباد اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔