مری کی ترقی اور سیاحوں کو سہولیات کی فراہمی، اہم اجلاس کا انعقاد

 

مری(راجہ عثمان علی) کمشنر راولپنڈی ڈویژن سلیمان عنی کی زیرِ صدارت مری کی ترقی، جاری ترقیاتی منصوبوں اور سیاحوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں مال روڈ پر جاری ترقیاتی کاموں، شہر کی بیوٹیفیکیشن، شہری سہولیات اور سیاحوں کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عمر اویس کیانی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل کامران صغیر اور اسسٹنٹ کمشنر مری کیپٹن (ر) ارشد اقبال سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اس موقع پر ترقیاتی منصوبوں کے معیار، رفتارِ کار اور بروقت تکمیل پر خصوصی زور دیا گیا۔ اجلاس میں مری کی خوبصورتی میں مزید اضافے، شہری بنیادی ڈھانچے کی بہتری اور سیاحوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی سے متعلق مختلف امور پر بھی غور کیا گیا۔کمشنر راولپنڈی ڈویژن نے متعلقہ افسران کو ترقیاتی منصوبوں میں معیار کو یقینی بنانے اور کام مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایات جاری کیں، تاکہ مری کو سیاحوں کے لیے مزید خوبصورت، پُرکشش اور سہولت بخش بنایا جا سکے۔