سردار ایاز صادق سے خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان اسمبلیوں کے اسپیکرز کی ملاقاتیں

پارلیمانی تعاون، قانون سازی اور باہمی روابط مزید مضبوط بنانے پر اتفاق، مضبوط پارلیمانی ادارے جمہوریت کے استحکام کی ضمانت ہیں، اسپیکر قومی اسمبلی 

اسلام آباد (اظہار خان نیازی) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی اور اسپیکر گلگت بلتستان اسمبلی عمران ندیم نے الگ الگ ملاقاتیں کیں، جن میں پارلیمانی امور، قانون سازی اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ پارلیمنٹ ہاؤس میں ہونے والی ملاقاتوں کے دوران وفاقی، صوبائی اور دیگر قانون ساز اداروں کے درمیان روابط اور پارلیمانی تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر پارلیمانی اداروں کے استحکام، جمہوری اقدار کے فروغ، عوامی مسائل کے حل اور قانون ساز اداروں کی مؤثر کارکردگی سے متعلق امور بھی زیر بحث آئے۔ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ مضبوط پارلیمانی ادارے ہی جمہوریت کے استحکام کی ضمانت ہیں، تمام قانون ساز اداروں کے درمیان باہمی مشاورت اور تجربات کا تبادلہ ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسپیکرز کانفرنس پارلیمانی تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم ہے۔ سردار ایاز صادق نے کہا کہ اپوزیشن اراکین کے پروڈکشن آرڈرز بلاامتیاز جاری کیے گئے ہیں جو پارلیمانی روایات اور جمہوری اقدار سے وابستگی کا عکاس ہے۔ اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی نے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے فراہم کیے جانے والے پارلیمانی تعاون کو سراہتے ہوئے پارلیمانی روابط کے فروغ میں اسپیکر قومی اسمبلی کے کردار کی تعریف کی۔ بعد ازاں اسپیکر قومی اسمبلی سے اسپیکر گلگت بلتستان اسمبلی عمران ندیم نے بھی ملاقات کی۔ سردار ایاز صادق نے عمران ندیم کو اسپیکر گلگت بلتستان اسمبلی کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ عمران ندیم نے قومی اسمبلی کے ایوان کی کارروائی خوش اسلوبی سے چلانے، پارلیمانی تعاون کے فروغ اور قانون ساز اداروں کے درمیان روابط مضبوط بنانے کے لیے سردار ایاز صادق کے کردار کو سراہا۔