مری، پھگواڑی پولیس کا منشیات فروشوں کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن، 1.7 کلو چرس برآمد

مری، پھگواڑی پولیس کا منشیات فروشوں کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن، 1.7 کلو چرس برآمد

مری (راجہ عثمان علی) پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرتے ہوئے دو مختلف آپریشنز کے دوران مجموعی طور پر 1700 گرام چرس برآمد کر کے دو مبینہ منشیات فروشوں کو گرفتار کر لیا۔پولیس کے مطابق کارروائیاں ایس ایچ او پھگواڑی شاہد گیلانی کی نگرانی میں کی گئیں۔ گرفتار ملزمان کی شناخت نسیم عرف نمبردار سکنہ پھگواڑی اور نوشم خان سکنہ پشاور کے نام سے ہوئی ہے۔پولیس نے دونوں ملزمان کے قبضے سے مجموعی طور پر 1700 گرام چرس برآمد کی، جبکہ ان کے خلاف انسدادِ منشیات قوانین کی دفعات 9-C اور 9-B کے تحت الگ الگ مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔ مزید تفتیش جاری ہے۔ایس ایچ او شاہد گیلانی نے کہا کہ منشیات فروشوں اور ان کے سہولت کاروں کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ مری کو منشیات سے پاک علاقہ بنانا ان کی ٹیم کا مشن ہے اور نوجوان نسل کا مستقبل تباہ کرنے والے عناصر کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی۔پولیس حکام کے مطابق منشیات کے کاروبار میں مبینہ طور پر ملوث دیگر افراد کی نشاندہی کے لیے بھی تحقیقات جاری ہیں، جبکہ ملوث پائے جانے والے افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ایس ایچ او شاہد گیلانی کا کہنا تھا کہ منشیات کا استعمال معاشرے، بالخصوص نوجوان نسل کے لیے ایک سنگین خطرہ ہے۔ پھگواڑی کے علاقے میں منشیات فروشی کی شکایات پہلے بھی موصول ہوتی رہی ہیں، تاہم ان کے بطور ایس ایچ او پھگواڑی تعینات ہونے کے بعد منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیوں میں مزید تیزی لائی گئی ہے۔پولیس کے جاری کریک ڈاؤن کے باعث پھگواڑی تھانے کی حدود میں مبینہ طور پر منشیات کا کاروبار کرنے والے عناصر زیرِ زمین چلے گئے ہیں۔