پشاور( بی بی سی رپورٹ) سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید احمد کا عوامی مسائل براہِ راست سننے اور ان کے فوری حل کے لیے کھلی کچہریوں کا سلسلہ جاری ہے۔
آج بروز جمعرات ملک سعد شہید پولیس لائنز پشاور میں منعقدہ کھلی کچہری کے دوران خواتین، بزرگ شہریوں اور دیگر سائلین نے اپنے مسائل سی سی پی او کے سامنے پیش کیے۔ سی سی پی او نے تمام درخواستیں بغور سننے کے بعد متعلقہ پولیس افسران کو فوری، شفاف اور مؤثر کارروائی یقینی بنانے، مقررہ وقت میں مسائل حل کرنے اور پیش رفت سے متعلق تحریری رپورٹس جلد از جلد جمع کرانے کے احکامات جاری کیے۔
کھلی کچہری میں شہریوں نے جائیداد کے تنازعات، مالی معاملات، گھریلو مسائل اور دیگر نوعیت کی درخواستیں پیش کیں۔ سی سی پی او نے تمام شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹانے اور سائلین کو ہر ممکن قانونی و انتظامی معاونت فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
سی سی پی او نے کہا کہ شہریوں کو بروقت انصاف کی فراہمی، ان کے مسائل کا فوری ازالہ اور جان و مال کا تحفظ پشاور پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عوام کی خدمت، شفاف طرزِ عمل اور قانون کی بلاامتیاز عملداری کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔





