بحریہ ٹاؤن فیز فور کے پلازہ میں مساج سینٹر کی آڑ میں مبینہ غیر اخلاقی سرگرمیوں کی شکایت پر لوہی بھیر پولیس کا چھاپہ، مقدمہ درج، اہل علاقہ کا کارروائی پر اظہار اطمینان
اسلام آباد (آصف ملک/اسپیشل رپورٹر) بحریہ ٹاؤن فیز فور کے ایک پلازہ میں قائم مبینہ فحاشی کے اڈے کے خلاف تھانہ لوہی بھیر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 23 مرد و خواتین کو گرفتار کرلیا اور مقدمہ درج کرلیا۔
ذرائع کے مطابق پولیس کو بحریہ ٹاؤن کے مکینوں کی جانب سے مساج سینٹر کی آڑ میں مبینہ غیر اخلاقی سرگرمیوں کے خلاف شکایات موصول ہو رہی تھیں، جس پر تھانہ لوہی بھیر پولیس کے اے ایس آئی محمد رفحان کی سربراہی میں کارروائی کی گئی۔ پولیس کارروائی کے دوران 23 مرد و خواتین کو حراست میں لے لیا گیا، جبکہ واقعے کا مقدمہ بھی درج کرلیا گیا ہے۔
اہل علاقہ نے پولیس کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ بحریہ ٹاؤن میں مساج سینٹرز کی آڑ میں مبینہ غیر اخلاقی سرگرمیوں کے خلاف مؤثر کارروائی ضروری ہے۔ مکینوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے ایسے مراکز کے خلاف آواز اٹھانے اور انتظامیہ و پولیس کی توجہ مبذول کرانے کی مہم شروع کر رکھی ہے۔
ذرائع کے مطابق کارروائی کے بعد بعض عناصر کی جانب سے سوشل میڈیا پر پولیس کارروائی کو تنقید کا نشانہ بنانے اور اسے مبینہ طور پر غیر قانونی ثابت کرنے کی کوشش بھی کی گئی، تاہم پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کارروائی قانون کے مطابق کی گئی ہے اور اس سلسلے میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
اہل علاقہ نے تھانہ لوہی بھیر پولیس اور متعلقہ افسر اے ایس آئی محمد رفحان کی کارروائی کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اسلام آباد پولیس بحریہ ٹاؤن کے دیگر علاقوں میں مساج سینٹرز کی آڑ میں مبینہ غیر اخلاقی سرگرمیوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھے گی۔





