مری میں پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس کا کریک ڈاؤن، منشیات فروش گرفتار، چرس اور آئس برآمد

 

مری (راجہ عثمان علی)پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس نے مری میں منشیات کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ایک مبینہ منشیات فروش کو گرفتار کرلیا۔ کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے ایک کلو سے زائد چرس اور کرسٹل آئس برآمد کی گئی۔تفصیلات کے مطابق پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس مری نے منشیات کی اسمگلنگ اور فروخت کی روک تھام کے لیے مختلف علاقوں میں خصوصی کریک ڈاؤن کیا۔ کارروائی کے دوران ایک ملزم کو گرفتار کیا گیا جو مبینہ طور پر منشیات سپلائی کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔ترجمان کے مطابق گرفتار ملزم کے قبضے سے 1052 گرام چرس اور 50 گرام کرسٹل آئس برآمد ہوئی۔ ملزم کو مزید تفتیش کے لیے متعلقہ تھانے منتقل کردیا گیا، جہاں اس کے ممکنہ ساتھیوں اور منشیات کے نیٹ ورک سے متعلق تحقیقات جاری ہیں۔ترجمان پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس کا کہنا ہے کہ منشیات سے پاک پنجاب، صحت مند اور محفوظ پنجاب فورس کا نصب العین ہے۔ مری جیسے اہم سیاحتی مقام کو منشیات کی لعنت سے پاک رکھنے کے لیے کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی۔