قائداعظمؒ کی قیادت، اصول اور سیاسی بصیرت قوم کیلئے مشعلِ راہ ہیں،سردار ایاز صادق

قائداعظمؒ کی قیادت، اصول اور سیاسی بصیرت قوم کیلئے مشعلِ راہ ہیں،سردار ایاز صادق

قائداعظمؒ کے ایمان، اتحاد اور تنظیم کے اصولوں پر عمل پیرا ہو کر پاکستان کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے، اسپیکر قومی اسمبلی

اسلام آباد (اظہار خان نیازی) 10 ستمبر: اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناحؒ کے 78ویں یومِ وفات پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قائداعظمؒ کی بصیرت افروز اور بے لوث قیادت نے برصغیر کے مسلمانوں کے لیے الگ وطن کے خواب کو حقیقت میں بدلا، ان کی غیر معمولی سیاسی بصیرت، اصولوں سے غیر متزلزل وابستگی اور تاریخی جدوجہد پوری قوم کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ اپنے پیغام میں اسپیکر نے کہا کہ قائداعظمؒ نے ہمیشہ قانون کی حکمرانی، آئین کی بالادستی، جمہوری اصولوں اور سیاسی دانش مندی کو مقدم رکھا، ان کی زندگی اس بات کا عملی ثبوت ہے کہ قومی مقاصد کے حصول کے لیے ثابت قدمی، اتحاد اور تنظیم ناگزیر ہیں۔ انہوں نے نوجوان نسل کو قائداعظمؒ کی زندگی، جدوجہد اور افکار سے روشناس کرانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بانیٔ پاکستان کا وژن ملک کے حال اور مستقبل کے لیے کلیدی اہمیت رکھتا ہے۔ سردار ایاز صادق نے کہا کہ قائداعظمؒ ایک ایسے پاکستان کے خواہاں تھے جہاں قانون کی حکمرانی، جمہوری اقدار، مساوات اور تمام شہریوں کے بنیادی حقوق کا مکمل تحفظ ہو، جبکہ اقلیتوں کے حقوق اور مذہبی آزادی کو بھی انہوں نے خصوصی اہمیت دی۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظمؒ کے وژن سے رہنمائی حاصل کرتے ہوئے جمہوری روایات کو مضبوط، معاشرے میں برداشت، اتحاد اور باہمی احترام کو فروغ دینا ہوگا۔ اسپیکر نے کہا کہ مستحکم، خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان کی تعمیر کے لیے قائداعظمؒ کے ایمان، اتحاد اور تنظیم کے زریں اصولوں پر عمل کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمان قائداعظمؒ کے جمہوری اور آئینی وژن کی محافظ ہے، پارلیمان کو مضبوط بنانا، آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی یقینی بنانا اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے مؤثر قانون سازی کرنا بانیٔ پاکستان کے وژن کی تکمیل کی جانب اہم اقدامات ہیں۔ سردار ایاز صادق نے قوم پر زور دیا کہ قومی مفادات کو ذاتی مفادات پر ترجیح دیتے ہوئے ملک کی ترقی، استحکام اور خوشحالی کے لیے اتحاد و یکجہتی کے ساتھ کام کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظمؒ کی برسی ان کی بے مثال خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے اصولوں پر خلوص اور لگن سے کاربند رہنے کے عہد کی تجدید کا دن بھی ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے اللہ تعالیٰ سے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناحؒ کے درجات کی بلندی اور قوم کو ان کے زریں اصولوں پر عمل پیرا ہونے کی توفیق عطا فرمانے کی دعا کی۔ ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ نے بھی قائداعظمؒ کے یومِ وفات پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قائداعظمؒ کی سیاسی بصیرت، ثابت قدمی اور اصولوں سے وابستگی پاکستان کی تاریخ کا قیمتی اثاثہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظمؒ نے جمہوریت، آئین اور قانون کی حکمرانی کو بنیادی اہمیت دی، پاکستان کو مضبوط، مستحکم اور خوشحال ملک بنانے کے لیے ان کے وژن اور اصولوں پر کاربند رہنا ناگزیر ہے۔ ڈپٹی اسپیکر نے اللہ تعالیٰ سے قائداعظمؒ کے درجات کی بلندی اور پاکستان کو ترقی، خوشحالی اور استحکام عطا فرمانے کی دعا کی۔