قومی یوم اقلیت کے موقع پر آر ڈی اے میں تقریب، اقلیتی برادری سے اظہار یکجہتی

راولپنڈی(نیوز رپورٹر) کمشنر راولپنڈی ڈویژن و ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی سلمان غنی کی ہدایات پر اور ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن آر ڈی اے نوشین اسرار کی زیر ہدایت آر ڈی اے میں قومی یوم اقلیت کے موقع پر تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب آر ڈی اے کانفرنس روم میں منعقد ہوئی، جس کی صدارت ڈپٹی ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز حافظ محمد عرفان نے کی۔ اس موقع پر انہوں نے قومی یومِ اقلیت کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی اقلیتی برادریاں ملک کی تعمیر و ترقی، خوشحالی اور قومی یکجہتی میں اہم ہیں۔ انہوں نے مذہبی ہم آہنگی، رواداری، باہمی احترام، مساوی حقوق اور پُرامن بقائے باہمی کے فروغ پر زور دیا۔ تقریب کے دوران شرکاء نے اقلیتی برادری سے اظہاریکجہتی کرتے ہوئے قومی اتحاد، بین المذاہب ہم آہنگی، برداشت، رواداری اور مساوی حقوق کے اصولوں کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ تقریب کے بعد آر ڈی اے دفتر سے مری روڈ راولپنڈی تک یکجہتی واک کا بھی اہتمام کیا گیا۔ واک کے ذریعے اقلیتی برادری سے اظہاریکجہتی کے ساتھ ساتھ اتحاد، امن، رواداری، باہمی احترام اور بھائی چارے کا پیغام عام کیا گیا۔ اس موقع پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ ایک جامع، پُرامن اور ہم آہنگ معاشرے کے فروغ اور تمام شہریوں کے بنیادی حقوق، مساوات اور وقار کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ شرکاء نے پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اقلیتی برادریوں کے کردار کو بھی سراہا اور اس بات پر زور دیا کہ تنوع کے احترام، مساوی مواقع اور تمام شہریوں کے لیے برابر حقوق کا فروغ ایک مضبوط، پُرامن اور خوشحال قوم کی تعمیر کے لیے ناگزیر ہے۔۔۔۔۔۔۔