14 اگست کی مناسبت سے پاکستان انوسٹرز فورم اور پاکستان قومی یکجہتی فورم کے زیرِ اہتمام جدہ میں ایک شاندار، رنگا رنگ اور ملی جذبے سے بھرپور جشنِ آزادی کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب کی مہمانِ خصوصی پاکستان قونصلیٹ جدہ کی ڈپٹی قونصل جنرل محترمہ فارینہ ارشد تھیں۔ اپنے خطاب میں انہوں نے پاکستانی کمیونٹی کو یومِ آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی اپنے اخلاق، کردار، محنت اور مثبت رویے کے ذریعے پاکستان کا بہترین تشخص اجاگر کریں۔ انہوں نے سعودی عرب کے قوانین کی مکمل پابندی اور دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات کے لیے پاکستانی کمیونٹی کے مثبت کردار کو بھی سراہا۔
محترمہ فارینہ ارشد نے کہا کہ یومِ آزادی صرف جشن منانے کا دن نہیں بلکہ قائدِاعظم محمد علی جناح کی بصیرت، ہمارے بزرگوں کی قربانیوں اور پاکستان کے حصول کے لیے کی جانے والی عظیم جدوجہد کو یاد کرنے کا موقع بھی ہے۔ انہوں نے پاکستان انوسٹرز فورم اور پاکستان قومی یکجہتی فورم کی انتظامیہ کو خوبصورت تقریب کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ایسی تقریبات کمیونٹی میں بھائی چارے، اتحاد، ثقافت اور باہمی ہم آہنگی کو فروغ دیتی ہیں۔
پاکستان انوسٹرز فورم کے چیئرمین چوہدری شفقت محمود نے اپنے خطاب میں تمام پاکستانیوں کو یومِ آزادی کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کے کسی بھی حصے میں رہنے کے باوجود ہماری سب سے بڑی شناخت پاکستانی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہم سب کا ملک ہے اور اس کی ترقی میں ہر پاکستانی کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
چوہدری شفقت محمود نے اپنے کلیدی خطاب میں خوبصورت پیغام
انہوں نے ٹریڈ ڈویلپمنٹ قونصلر سعدیہ خان اور کمیونٹی ویلفیئر قونصلر ازکاء کی پاکستانی سرمایہ کاروں اور کمیونٹی کے فروغ کے لیے خدمات کو خصوصی طور پر سراہا اور قومی دن کے موقع پر انہیں ایوارڈ دینے کا اعلان کیا۔
اس موقع پر پاکستان قومی یکجہتی فورم کے قائم مقام کنوینر چوہدری تصور حسین نے بھی خطاب کیا اور تحریکِ پاکستان، قیامِ پاکستان کی جدوجہد اور یومِ آزادی کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
پاکستانی بچوں نے ملی نغموں پر خوبصورت ٹیبلو پیش کیے، جبکہ پاکستانی گلوکار علی مہدی، عدنان اور پاکستان آئیڈل گلوکارہ مسکان نے ملی نغمے پیش کرکے تقریب کے ماحول کو جذبۂ حب الوطنی سے بھر دیا۔ حاضرین نے قومی پرچم لہراتے ہوئے بھرپور جوش و خروش کا مظاہرہ کیا۔
جبکہ جنرل سیکرٹری عبدالخالق لک نے تمام معزز مہمانوں، شرکاء اور انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا اور یومِ آزادی کے مقاصد اور اہمیت پر روشنی ڈالی۔
تقریب میں سابق وفاقی وزیر چوہدری شہباز حسین، مسعود احمد پوری، ممتاز کاہلوں،معروف کاروباری شخصیت چوہدری محمد اعظم کلیر چوہدری اظہر عباس وڑائچ چوہدری مبشر افضل چیمہ سمیت مختلف سیاسی، سماجی اور کمیونٹی شخصیات، خواتین اور پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
آخر میں پاکستان کی سلامتی، ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ شرکاء نے اس شاندار اور کامیاب تقریب کے انعقاد پر پاکستان انوسٹرز فورم اور پاکستان قومی یکجہتی فورم کی انتظامیہ کو مبارکباد پیش کی۔
پاکستان زندہ باد!
پاک سعودی دوستی پائندہ باد!





