ٹک ٹاکر کومل جان کی دریائے سواں میں پُراسرار ہلاکت، واقعہ معمہ بن گیا

راولپنڈی:(سید شاہد وحید ہاشمی)معروف ٹک ٹاکر، کانٹینٹ کری ایٹر اور ہیوی بائیک رائیڈر کومل جان کی دریائے سواں میں پُراسرار ہلاکت کا معاملہ معمہ بن گیا۔پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کرتے ہوئے حادثاتی طور پر دریا میں گرنے، خودکشی اور دیگر ممکنہ پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں۔پولیس کے مطابق 28 سالہ کومل جان کی لاش گزشتہ روز راولپنڈی میں دریائے سواں سے برآمد ہوئی تھی۔واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس نے خاتون کے اہلخانہ سے رابطہ کیا، تاہم اہلخانہ کی جانب سے کسی قسم کی قانونی کارروائی کی خواہش ظاہر نہیں کی گئی۔پولیس کا کہنا ہے کہ قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے لاش کا پوسٹ مارٹم کرایا گیا ہے، جبکہ موت کی اصل وجہ جاننے کے لیے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔ تفتیشی ٹیم اس بات کا بھی جائزہ لے رہی ہے کہ کومل جان دریائے سواں کے پل سے حادثاتی طور پر دریا میں گریں یا ان کی موت کسی دوسرے واقعے کا نتیجہ ہے۔پولیس حکام کے مطابق واقعے کے تمام ممکنہ پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور دستیاب شواہد، پوسٹ مارٹم رپورٹ اور دیگر معلومات کی روشنی میں تحقیقات کو آگے بڑھایا جائے گا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی کومل جان کی موت کی حتمی وجہ کا تعین ممکن ہوگا۔