بہارہ کہو اور اسکائی گارڈن ہاؤسنگ منصوبوں پر نیب چیئرمین طلب، سینیٹ قائمہ کمیٹی کا سخت نوٹس

متاثرہ الاٹیوں کو دہائیوں سے درپیش مشکلات پر اظہار تشویش، ڈپٹی کمشنر راولپنڈی بھی آئندہ اجلاس میں طلب

اسلام آباد (اظہار خان نیازی) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ہاؤسنگ اینڈ ورکس نے بارہ کہو کے گرین انکلیو ون اور اسکائی گارڈن (گرین انکلیو ٹو) ہاؤسنگ منصوبوں میں طویل تاخیر اور متاثرہ الاٹیوں کو درپیش مشکلات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے آئندہ اجلاس میں چیئرمین نیب کو طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ زیر التوا تحقیقات، انکوائریوں اور قانونی معاملات پر تفصیلی بریفنگ دی جا سکے۔
سینیٹر ناصر محمود کی زیر صدارت اجلاس میں وفاقی حکومت کے ہاؤسنگ منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔ کمیٹی نے کہا کہ گرین انکلیو ون کے الاٹی 2008 سے ادائیگیاں کر رہے ہیں مگر تاحال انہیں پلاٹوں کا قبضہ نہیں ملا، جبکہ منصوبہ مختلف انتظامی اور قانونی تنازعات کے باعث تعطل کا شکار ہے۔
اسکائی گارڈن ہاؤسنگ اسکیم پر بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ منصوبے کے لیے 4.21 ارب روپے سے زائد وصول کیے جا چکے ہیں، جبکہ بلاک وار پلاٹوں کی حوالگی دسمبر 2026 سے مارچ 2027 تک شروع کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ کمیٹی نے پیش رفت کا مزید جائزہ لینے کے لیے آئندہ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کو بھی طلب کر لیا۔
کمیٹی نے سیکٹر جی-13 اسلام آباد میں لائف اسٹائل ریزیڈنسی اپارٹمنٹس، کوئٹہ اور اسلام آباد کے دیگر ہاؤسنگ منصوبوں کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا اور وزارت ہاؤسنگ کو ہدایت کی کہ تمام منصوبوں کی پیش رفت سے کمیٹی کو مسلسل آگاہ رکھا جائے تاکہ عوامی مفادات اور الاٹیوں کے حقوق کا مکمل تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔