6 ستمبر قومی عزم، بہادری اور قربانی کی لازوال داستان ہے، شیخ عبد الوحید

راولپنڈی(سٹی رپورٹر)

 

انجمن تاجران لیاقت روڈ راولپنڈی کے صدر شیخ عبد الوحید نے کہا کہ 6 ستمبر یومِ دفاع پاکستان ہماری قومی تاریخ کا روشن باب اور قومی عزم، بہادری اور قربانی کی لازوال داستان ہے۔ یہ دن ہمیں وطن عزیز کے دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء اور غازیوں کی بے مثال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔

انہوں نے یوم دفاع کے موقع پر کہا کہ پاک فوج کے جوانوں نے دفاعِ وطن کے لیے جرأت، بہادری اور بے مثال جذبۂ حب الوطنی کا مظاہرہ کیا، جس پر پوری قوم انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے۔ شہداء کی قربانیاں ہماری قومی تاریخ کا قیمتی اثاثہ ہیں اور آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔شیخ عبد الوحید نے کہا کہ یومِ دفاع ہمیں اس عزم کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے کہ ہم پاکستان کی سلامتی، استحکام اور ترقی کے لیے متحد ہو کر اپنا کردار ادا کریں گے۔ ملک کو مضبوط بنانے کے لیے قومی یکجہتی، امن، معاشی استحکام اور باہمی اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہیں۔انہوں نے کہا کہ تاجر برادری ملکی معیشت کے استحکام اور قومی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔ ہمیں اپنے شہداء کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے ساتھ ساتھ پاکستان کو ایک مضبوط، خوشحال اور مستحکم ملک بنانے کے عزم کو بھی عملی شکل دینا ہوگی۔شیخ عبد الوحید نے شہداء اور غازیانِ وطن کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اپنے بہادر سپوتوں کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے اور پاکستان کے دفاع و سلامتی کے لیے ہمیشہ متحد رہے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔