*اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا چوہدری محمود بشیر ورک کے انتقال پر اظہارافسوس*
اسلام آباد(سردار یوسف خان) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے سابق وفاقی وزیر، چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف اور رکن قومی اسمبلی چوہدری محمود بشیر ورک کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اپنے تعزیتی پیغام میں اسپیکر سردار ایاز صادق نے مرحوم چوہدری محمود بشیر ورک کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چوہدری محمود بشیر ورک کے انتقال کی خبر انتہائی افسوسناک اور باعثِ رنج ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم ایک باصلاحیت، مخلص اور فرض شناس پارلیمنٹیرین تھے، جنہوں نے اپنی سیاسی اور پارلیمانی زندگی کے دوران قابلِ قدر خدمات سرانجام دیں۔
اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ مرحوم چوہدری محمود بشیر ورک نے قانون سازی، جمہوری اقدار کے فروغ، پارلیمان کی بالادستی اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے قابلِ ستائش خدمات سرانجام دیں۔ انہوں نے مرحوم کی پارلیمانی، سیاسی اور سماجی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا۔
اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ چوہدری محمود بشیر ورک کے انتقال سے قومی اسمبلی ایک کہنہ مشق اور فعال رکن سے محروم ہوگئی ہے۔
اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ غم کی اس گھڑی میں وہ چوہدری محمود بشیر ورک کے اہلِ خانہ کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ وہ مرحوم کے درجات بلند فرمائے اور سوگوار خاندان کو یہ ناقابلِ تلافی نقصان برداشت کرنے کے لیے صبرِ جمیل عطا فرمائے۔





