تھانہ آبپارہ پولیس کی بروقت کارروائی

اسلام آباد (کرائم رپورٹر)تھانہ آبپارہ پولیس کی بروقت کارروائی، سرکاری ہسپتال کے باہر سے اغوا ہونے والی 8 ماہ کی بچی انتہائی قلیل وقت میں بحفاظت بازیاب، دو خواتین سمیت تین ملزمان گرفتار.تفصیلات کے مطابق سرکاری ہسپتال کے باہر سے 8 ماہ کی بچی کے اغوا کی اطلاع موصول ہوتے ہی ایس پی سٹی زون ڈاکٹر ایاز حسین نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او تھانہ آبپارہ کی زیرِ نگرانی خصوصی پولیس ٹیم تشکیل دی۔ پولیس ٹیم نے معاملے کی حساسیت کو مدنظر رکھتے ہوئے فوری طور پر کارروائی کا آغاز کیا اور بچی کی بحفاظت بازیابی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے۔پولیس ٹیم نے جدید تکنیکی ذرائع، انسانی وسائل اور پیشہ ورانہ مہارت کو مؤثر انداز میں استعمال کرتے ہوئے ملزمان کا سراغ لگایا اور انتہائی قلیل وقت میں کارروائی کرتے ہوئے 8 ماہ کی معصوم بچی کو بحفاظت بازیاب کرلیا۔بچی کے اغوا میں مبینہ طور پر ملوث دو خواتین سمیت تین ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے، جبکہ گرفتار ملزمان سے واقعے کے تمام پہلوؤں سے متعلق مزید تفتیش جاری ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لاتے ہوئے انہیں قرار واقعی سزا دلوانے کے لیے تمام قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے۔بچی کی بحفاظت بازیابی پر اس کے والدین نے خوشی اور اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد پولیس کی بروقت، مؤثر اور پیشہ ورانہ کارروائی کو سراہا اور پولیس کا شکریہ ادا کیا۔
ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد قاضی علی رضا نے تھانہ آبپارہ پولیس کی بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ خواتین اور بچوں کے خلاف جرائم پر زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کی گئی ہے۔ شہریوں کی جان و مال، بالخصوص خواتین اور بچوں کا تحفظ اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے، جبکہ خواتین اور بچوں کو نشانہ بنانے والے جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز اور مؤثر کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔انہوں نے مزید کہاکہ 8 ماہ کی بچی کی انتہائی قلیل وقت میں بحفاظت بازیابی اور ملزمان کی گرفتاری تھانہ آبپارہ پولیس کے بروقت رسپانس، مؤثر ٹیم ورک، جدید ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ پولیسنگ کا بہترین مظہر ہے۔ اسلام آباد پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور خصوصاً خواتین اور بچوں کی حفاظت کے لیے اسی جذبے اور پیشہ ورانہ عزم کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیتی رہے گی۔