راولپنڈی (عمر خان/کرائم رپورٹر) چکری روڈ سیکٹر کے انچارج انسپکٹر ملک محمد قاسم کی قیادت میں ٹریفک افسران اور اہلکاروں نے جشنِ آزادی کے سلسلے میں شہریوں میں قومی پرچم، بیجز اور دیگر جھنڈیاں تقسیم کیں۔ ٹریفک پولیس افسران نے شہریوں اور موٹر سائیکل سواروں میں سبز ہلالی پرچم تقسیم کرتے ہوئے انہیں جشنِ آزادی کی مبارکباد دی۔اس موقع پر ٹریفک افسران نے شہریوں کو ٹریفک قوانین کی پابندی، ہیلمٹ کے استعمال اور دورانِ سفر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔ انچارج چکری روڈ سیکٹر انسپکٹر ملک محمد قاسم نے کہا کہ یومِ آزادی قومی جوش و جذبے کے ساتھ منانے کے ساتھ ساتھ ٹریفک قوانین کی پاسداری بھی ہر شہری کی ذمہ داری ہے۔
ٹریفک پولیس کی جانب سے شہریوں میں قومی پرچم اور بیجز کی تقسیم پر عوام نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے پولیس کے اس اقدام کو سراہا اور پاکستان کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے دعائیں کیں۔





