مری (کرائم رپورٹر) یونین کونسل مسیاڑی کے گاؤں گوہڑہ میں دو ماہ کے بچے کو مبینہ طور پر برساتی نالے میں پھینکنے کا اندوہناک واقعہ پیش آیا۔ پولیس نے بچے کی نعش نالے سے برآمد کرکے پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر دی۔ڈی پی او مری رضا تنویر سپرا کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں سامنے آیا ہے کہ بچے کی سگی والدہ نے مبینہ طور پر دو ماہ کے بچے کو برساتی نالے میں پھینکا۔ اطلاع ملنے پر تھانہ کلڈنہ پولیس فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچی اور بچے کی نعش کو نالے سے نکال لیا۔پولیس نے واقعے کے سلسلے میں بچے کے والدین کو حراست میں لے لیا ہے جبکہ مقدمہ درج کرکے قتل کی دفعات شامل کر دی گئی ہیں۔ ڈی پی او مری کے مطابق ابتدائی تفتیش میں ملزمہ کی جانب سے مبینہ طور پر یہ مؤقف سامنے آیا کہ اس کے پہلے ہی چھ بچے ہیں اور وہ مزید بچے کی پرورش نہیں کر سکتی۔پولیس کے مطابق خاتون کی تقریباً دس سال قبل شادی ہوئی تھی جبکہ ایک بچے کو اس سے قبل ڈونیٹ کیے جانے کی اطلاع بھی سامنے آئی ہے۔ ڈی پی او مری نے کہا کہ واقعے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں اور مزید حقائق تفتیش مکمل ہونے پر سامنے آئیں گے۔





