ایک ہی روز پٹرولنگ پولیس کے دو اے ایس آئی دوران تربیت جاں بحق، تربیتی احکامات پر سوالات

ایلیٹ سکول بیدیاں لاہور میں دو مختلف ریجنز کے اہلکاروں کی دوران تربیت موت، سابق پی آر او پٹرولنگ پولیس راولپنڈی ریجن سید تصور حسین شاہ بھی جانبر نہ ہوسکے

راولپنڈی (اظہار خان نیازی سے) پٹرولنگ پولیس کے دو اے ایس آئی ایک ہی روز ایلیٹ پولیس ٹریننگ سکول بیدیاں لاہور میں دوران تربیت جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد زائد العمر اہلکاروں کو سخت جسمانی تربیت کے کورسز پر بھجوانے کے فیصلوں پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔

ذرائع کے مطابق پٹرولنگ پولیس راولپنڈی ریجن کے سابق پی آر او سید تصور حسین شاہ دوران تربیت ایلیٹ سکول بیدیاں میں انتقال کرگئے، جبکہ اسی روز پٹرولنگ پولیس سرگودھا ریجن کے اے ایس آئی ارشد بھی دوران تربیت جان کی بازی ہار گئے۔ بتایا گیا ہے کہ اے ایس آئی ارشد تربیت کے دوران دوڑ میں حصہ لیتے ہوئے اچانک بے ہوش ہوگئے، جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے۔

اسی طرح راولپنڈی ریجن سے تعلق رکھنے والے اے ایس آئی سید تصور حسین شاہ بھی بیدیاں ٹریننگ سکول میں دوران تربیت وفات پاگئے۔ ایک ہی روز پٹرولنگ پولیس کے دو اہلکاروں کی اموات نے سخت جسمانی تربیت کے لیے اہلکاروں کے انتخاب اور انہیں تربیتی کورسز پر بھجوانے کے طریقہ کار پر سنجیدہ سوالات کھڑے کردیئے ہیں۔

واضح رہے کہ پٹرولنگ پولیس پنجاب کا قیام 2004ء میں عمل میں لایا گیا تھا۔ اس فورس نے صوبے کی اہم شاہراہوں پر گشت کے ذریعے شہریوں کے محفوظ سفر میں اہم کردار ادا کیا اور ان شاہراہوں پر جرائم کے خوف کو کم کرنے میں نمایاں خدمات انجام دیں۔

ذرائع کے مطابق ایلیٹ کورس کی سخت جسمانی تربیت کے باعث اس میں شرکت کے لیے عمر کی حد مقرر ہے اور 40 سال سے زائد عمر کے اہلکاروں کو عمر کی مقررہ حد سے تجاوز کی صورت میں کورس میں داخلہ نہیں دیا جاتا۔ تاہم پٹرولنگ پولیس کے دونوں اے ایس آئیز کی ایک ہی روز دوران تربیت اموات کے بعد یہ سوال اہم ہوگیا ہے کہ آیا تربیتی کورس کے لیے اہلکاروں کے انتخاب میں عمر، جسمانی استعداد اور طبی فٹنس کے تقاضوں کو مکمل طور پر مدنظر رکھا گیا تھا یا نہیں۔

ذرائع کے مطابق مبینہ طور پر پٹرولنگ پولیس کے اہلکاروں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ دونوں واقعات کی مکمل تحقیقات کرائی جائیں اور یہ بھی جائزہ لیا جائے کہ اہلکاروں کو سخت جسمانی تربیت کے لیے نامزد کرنے سے قبل طبی معائنہ اور فٹنس کے تمام مراحل کس حد تک مکمل کیے گئے تھے، تاکہ مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام ممکن ہوسکے۔ذرائع کے مطابق وفات پا جانے والے دونوں افسران کو شہید قرار دئیے جانے کے لیئے قریبی حلقے متعلقہ حکام سے رجوع کریں گے۔