پشاور: جاپان میں بی بی سی رپورٹ اسلام آباد اخبار کے بیوروچیف خالد خان کی اے آئی پی ایس ایشیاء کے جنرل سیکرٹری ملک امجد عزیز سے ملاقات

کھیلوں کے فروغ، سپورٹس جرنلزم کے مسائل، نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور پاکستان، چین و جاپان کے باہمی روابط پر تفصیلی گفتگو

پشاور (بی بی سی بیورو رپورٹ) جاپان سے آئے ہوئے بی بی سی رپورٹ اسلام آباد اخبار کے جاپان میں بیوروچیف خالد خان نے پشاور میں اے آئی پی ایس ایشیاء کے جنرل سیکرٹری، پاکستان سپورٹس رائٹرز ایسوسی ایشن کے صدر اور چائنا ونڈو کے سرپرست اعلیٰ ستارہ امتیاز ملک امجد عزیز سے ملاقات کی۔ اس موقع پر پشاور سپورٹس رائٹرز ایسوسی ایشن کے سابق صدر اور سینئر صحافی عظمت اللہ بھی موجود تھے۔

ملاقات کے دوران ملک بھر بالخصوص خیبرپختونخوا میں کھیلوں کے فروغ، سپورٹس جرنلزم کو درپیش مسائل، نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی، کھیلوں کے میدان میں بین الاقوامی روابط اور میڈیا کے مثبت کردار سمیت مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملک امجد عزیز نے جاپان سے پشاور آنے اور چائنا ونڈو کا دورہ کرنے پر خالد خان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جاپان نے دنیا کے دیگر شعبوں کی طرح کھیلوں کے میدان میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ فٹ بال، والی بال، ہاکی، مارشل آرٹس، تیراکی سمیت متعدد کھیلوں میں جاپانی کھلاڑی عالمی سطح پر نمایاں کامیابیاں حاصل کر رہے ہیں، جو پاکستانی نوجوانوں کے لیے ایک بہترین مثال ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان کے بچے بھی جاپانی بچوں کی طرح محنت، نظم و ضبط اور مستقل مزاجی کو اپنا شعار بنائیں تو وہ بھی عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکتے ہیں اور ملک و قوم کا نام روشن کر سکتے ہیں۔

ملک امجد عزیز نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے نوجوانوں میں کھیلوں کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، تاہم اس ٹیلنٹ کو نکھارنے اور عالمی سطح پر متعارف کرانے کے لیے مسلسل سرپرستی، جدید سہولیات، تربیت اور بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت کے مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ سرکاری اور نجی اداروں کو مل کر نوجوان کھلاڑیوں کے لیے ایسے مواقع پیدا کرنا ہوں گے جن کے ذریعے وہ اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ کھیل صرف صحت مند سرگرمی ہی نہیں بلکہ دنیا بھر میں ملکوں کے درمیان تعلقات مضبوط بنانے کا بھی مؤثر ذریعہ ہیں۔ پاکستان، چین اور جاپان کے درمیان کھیلوں، ثقافت اور میڈیا کے شعبوں میں روابط کو مزید مضبوط بنایا جا سکتا ہے، جس سے نوجوان نسل کو نئے مواقع میسر آئیں گے۔

اس موقع پر چائنا ونڈو کے سرپرست اعلیٰ ملک امجد عزیز نے پاکستان اور چین کے درمیان کھیلوں، ثقافت اور میڈیا کے تعلقات کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چائنا ونڈو اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے نوجوانوں کو بین الاقوامی سطح پر مواقع فراہم کرنے کے لیے مختلف اداروں اور تنظیموں کے ساتھ رابطوں کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔

ملک امجد عزیز نے پشاور سپورٹس رائٹرز ایسوسی ایشن کی خدمات کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ کھیلوں کی مثبت اور ذمہ دارانہ کوریج میں سپورٹس جرنلسٹس کا اہم کردار ہے۔ کھیلوں کے صحافی نوجوان کھلاڑیوں کی کامیابیوں کو عوام تک پہنچانے کے ساتھ ساتھ انہیں رول ماڈل بھی فراہم کرتے ہیں، جس سے نئی نسل میں کھیلوں کا شوق اور جذبہ پیدا ہوتا ہے۔

خالد خان نے اس موقع پر ملک امجد عزیز سے ملاقات اور پشاور میں چائنا ونڈو کے دورے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں کھیلوں کے فروغ اور نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے میڈیا اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ جاپان سمیت دنیا کے ترقی یافتہ ممالک نے کھیلوں کے شعبے میں منصوبہ بندی، نظم و ضبط اور مسلسل محنت کے ذریعے نمایاں مقام حاصل کیا ہے، جس سے پاکستان بھی بہت کچھ سیکھ سکتا ہے۔

ملاقات کے اختتام پر دونوں جانب سے اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی، کھیلوں کے صحافیوں کے درمیان روابط کے فروغ اور پاکستان کو کھیلوں کے میدان میں عالمی سطح پر مزید نمایاں کرنے کے لیے مشترکہ کوششوں کو جاری رکھا جائے گا۔