داؤدخیل(ضیاءنیازی سے)
میانوالی میں کنٹرولڈ ادویات کے خلاف کریک ڈاؤن، گابیکا کی بھاری مقدار برآمد
ڈپٹی کمشنر میانوالی کی ہدایات پر چیف ڈرگ کنٹرولر پنجاب، ڈائریکٹر جنرل ڈرگ کنٹرول پنجاب اور سی ای او ہیلتھ میانوالی کی نگرانی میں ڈرگ انسپکٹر میانوالی نے مختلف میڈیکل اسٹورز اور فارمیسیز پر چھاپے مار کر معائنہ کیا۔کارروائی کے دوران غیر قانونی طور پر کنٹرولڈ ادویات کی فروخت اور غلط استعمال کے خلاف جاری مہم کے تحت میڈیکل اسٹورز کی چیکنگ کی گئی، جہاں سے گابیکا (Pregabalin) کیپسول کی بھاری مقدار برآمد ہوئی۔
سنگین خلاف ورزیوں پر ایک میڈیکل اسٹور کو تالے لگا کر سیل کر دیا گیا، جبکہ دیگر خلاف ورزی کرنے والے میڈیکل اسٹورز کے خلاف ڈرگ ایکٹ 1976 اور ڈریپ ایکٹ 2012 کے تحت چالان تیار کیے گئے۔ذرائع کے مطابق تمام کیسز مزید قانونی کارروائی کے لیے ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ (DQCB) میانوالی کو بھجوا دیے گئے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ کنٹرولڈ ادویات کی غیر قانونی فروخت اور غلط استعمال کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رکھی جائیں گی۔





