*پمز سانحہ: غفلت کے ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے، شیخ عبد الوحید

 

راولپنڈی(سٹاف رپورٹر)

 انجمن تاجران لیاقت روڈ راولپنڈی کے صدر شیخ عبد الوحید نے پمز اسلام آباد میں آتشزدگی کے دلخراش سانحے میں 14 نومولود بچوں کی ہلاکت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ صرف ایک حادثہ نہیں بلکہ انتہائی سنگین قومی سانحہ ہے،جس نے ہسپتالوں میں حفاظتی انتظامات اور انتظامی غفلت پر کئی سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔

شیخ عبد الوحید نے کہا کہ معصوم بچوں کی جانیں ضائع ہونا پوری قوم کے لیے ناقابلِ تلافی صدمہ ہے۔ ایسے واقعات میں محض افسوس اور تعزیت کافی نہیں،وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے پمز ہسپتال (اسلام آباد) کی نرسری میں آتشزدگی کے سانحے پر تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ کی روشنی میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر سمیت 8 افراد کو معطل کر کے ان کے خلاف فوجداری کارروائی کا حکم دینا خوش آئند ہے۔پمز سانحے کی ابتدائی تحقیق میں فائر سیفٹی اور ہنگامی انتظامات سے متعلق سنگین خامیوں کی نشاندہی بھی سامنے آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں فائر سیفٹی سسٹم، ایمرجنسی ایگزٹ، فائر الارم، تربیت یافتہ عملہ اور ہنگامی رسپانس نظام کو فوری طور پر مؤثر بنایا جائے تاکہ مستقبل میں کسی خاندان کو ایسے ناقابلِ بیان سانحے کا سامنا نہ کرنا پڑے۔شیخ عبد الوحید نے جاں بحق بچوں کے والدین اور اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انہیں صبر جمیل عطا فرمائے اور معصوم بچوں کو اپنی رحمت میں جگہ دے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ عوام کو محفوظ اور معیاری طبی سہولیات فراہم کرے اور پمز جیسے بڑے قومی ادارے میں حفاظتی انتظامات پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔