مری(راجہ عثمان علی)ڈی پی او مری رضا تنویر سپرا نے کہا ہے کہ مری پولیس میں داخلی احتساب اور نگرانی کا مؤثر نظام فعال ہے، کرپشن، اختیارات کے ناجائز استعمال اور جرائم پیشہ عناصر سے روابط کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر بلاامتیاز عملدرآمد جاری ہے۔ڈی پی او مری کے مطابق کرپشن اور جرائم پیشہ عناصر سے روابط ثابت ہونے پر 6 کانسٹیبلان کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کرتے ہوئے بڑی سزائیں دی گئیں۔ انچارج چوکی لہتراڑ سب انسپکٹر طاہر شاہ کو کرپشن کے الزامات پر معطل کرکے چارج شیٹ جاری کر دی گئی، جبکہ اے ایس آئی شہزاد ظفر کو جرائم پیشہ عناصر سے روابط کی شکایات پر معطل کرکے محکمانہ کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ سب انسپکٹر طفیل کو ناقص تفتیش اور فرائض میں غفلت برتنے پر معطل کیا گیا۔رضا تنویر سپرا نے کہا کہ وردی کسی اہلکار کو قانون سے بالاتر ہونے کا اختیار نہیں دیتی اور ہر پولیس اہلکار اپنے عمل کا جوابدہ ہے۔ تفتیش میں غفلت، جانبداری یا ناقص کارکردگی برداشت نہیں کی جائے گی جبکہ شہریوں کو میرٹ اور قانون کے مطابق انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ اچھی کارکردگی اور دیانت داری پر اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی، جبکہ بدعنوانی اور اختیارات کے ناجائز استعمال پر سخت اور بلاامتیاز محکمانہ کارروائی جاری رہے گی۔ داخلی احتساب کا مقصد پولیس فورس میں نظم و ضبط، شفافیت اور پیشہ ورانہ ذمہ داری کو مضبوط بنانے کے ساتھ عوامی اعتماد میں اضافہ کرنا ہے۔





