چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی پارلیمانی سفارت کاری کو عالمی پذیرائی

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی پارلیمانی سفارت کاری کو عالمی پذیرائی

بین الپارلیمانی اسپیکرز کانفرنس کی جانب سے فعال کردار اور قائدانہ بصیرت کو سراہا گیا

اسلام آباد(اظہار خان نیازی) بین الپارلیمانی اسپیکرز کانفرنس نے چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی پارلیمانی سفارت کاری کے فروغ اور دنیا بھر کی پارلیمانوں کے ساتھ پاکستان کے روابط مضبوط بنانے کے لیے مسلسل کاوشوں کو سراہا ہے۔ یہ پذیرائی 26 سے 28 اگست 2026ء کو کمبوڈیا کے دارالحکومت نوم پنہ میں منعقد ہونے والی دوسری بین الپارلیمانی اسپیکرز کانفرنس میں ان کی قیادت اور فعال کردار کے اعتراف میں کی گئی۔

آئی ایس سی کے سیکرٹری جنرل ایک ناتھ ڈھکال نے چیئرمین سینیٹ کے نام خط میں آئی ایس سی اور سینیٹ آف کمبوڈیا کے صدر سامدیک اکّا موہا سینا پادئی تیچو ہن سین کی جانب سے کانفرنس میں ان کی شرکت اور گراں قدر کردار پر اظہار تشکر کیا۔ خط میں سید یوسف رضا گیلانی کو بین الپارلیمانی اسپیکرز کانفرنس کے بانی چیئرمین کی حیثیت سے بھی خراج تحسین پیش کیا گیا۔

چیئرمین سینیٹ کی پارلیمانی سفارت کاری امن، مکالمے، باہمی افہام و تفہیم، تنازعات کے پُرامن حل اور اقوام کے مابین تعاون کے فروغ پر مبنی ہے۔ دنیا بھر کے اسپیکرز، پارلیمانی سربراہان اور رہنماؤں کے ساتھ ان کے مسلسل روابط نے پارلیمان سے پارلیمان کے درمیان رابطوں اور ادارہ جاتی تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

دوسری بین الپارلیمانی اسپیکرز کانفرنس ’’امن اور مشترکہ خوشحالی کے لیے یکجہتی—بین الاقوامی قانون کے استحکام اور تنازعات کے پُرامن حل کے لیے اقدامات‘‘ کے موضوع پر منعقد ہوئی، جس میں مختلف ممالک کے پارلیمانی رہنماؤں نے امن، بین الاقوامی تعاون اور تنازعات کے پُرامن حل سمیت اہم عالمی امور پر غور کیا۔ سید یوسف رضا گیلانی نے کانفرنس کے پلیٹ فارم سے پاکستان کے مکالمے، کثیرالجہتی تعاون اور بین الاقوامی قانون کے احترام کے عزم کا اعادہ کیا۔

بانی چیئرمین کی حیثیت سے سید یوسف رضا گیلانی نے پارلیمان سے پارلیمان کے درمیان سفارت کاری کو عالمی سطح پر افہام و تفہیم اور باہمی تعاون کے فروغ کا مؤثر ذریعہ بنانے کے لیے مسلسل کردار ادا کیا ہے۔ ان کی فعال پارلیمانی سفارت کاری سے عالمی پارلیمانی فورمز پر پاکستان کی آواز اور مؤقف مؤثر انداز میں اجاگر ہونے کے ساتھ مختلف ممالک کے ساتھ پارلیمانی روابط اور شراکت داری بھی مزید مستحکم ہوئی ہے۔

بین الپارلیمانی اسپیکرز کانفرنس کی جانب سے چیئرمین سینیٹ کی کاوشوں کو سراہا جانا پارلیمانی سفارت کاری کے میدان میں ان کے اہم کردار کا اعتراف ہے، جبکہ یہ پاکستان کے تعمیری کثیرالجہتی تعاون، امن اور مشترکہ خوشحالی کے عزم کی بھی عکاسی کرتا ہے۔