یومِ دفاع پاکستان کے حوالے سے گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری سکول نمبر 1 باغ سرداراں میں پروقار تقریب کا انعقاد
راولپنڈی (بیورو رپورٹ):
گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری سکول نمبر 1 باغ سرداراں میں یومِ دفاع پاکستان کے موقع پر ایک شاندار اور پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک اور قومی ترانے سے کیا گیا، جس کے بعد کیک کاٹنے کی تقریب ہوئی۔ طلبہ نے حب الوطنی سے بھرپور ملی نغمے اور شاندار ٹیبلو پیش کیے، جنہیں شرکاء نے بے حد سراہا۔اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ھوئے مہمانانِ گرامی نے اپنے خطابات میں 6 ستمبر 1965 کے شہداء کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا۔ لیفٹیننٹ کرنل (ر) میاں جمیل اطہر نے کہا کہ پاک فوج اور قوم نے ہمیشہ دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا ہے۔ رکنِ قومی اسمبلی محترمہ طاہرہ اورنگزیب نے جذباتی انداز میں شہداء کو یاد کیا۔ رکنِ صوبائی اسمبلی محترمہ شازیہ رضوان نے نوجوان نسل کو اسلاف کی قربانیوں کو یاد رکھنے کا درس دیا، جبکہ رکنِ صوبائی اسمبلی محترمہ عاصمہ عباسی نے طلبہ کی کارکردگی کی سراہ ۔ کرنل (ر) شاہین ترمذی اور پارلیمنٹیرین ضیاء اللہ شاہ نے بھی قوم کے اتحاد اور عزم کو اجاگر کیا۔
تقریب کے آخر میں سی ای او ایجوکیشن راولپنڈی جناب یاسین خان بلوچ نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا، جب کہ ملک و قوم کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا مانگی گئی۔
تقریب میں سیاسی و سماجی شخصیات، عسکری حکام، اساتذہ اور طلبہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ تقریب میں دیگر مہمانوں میں شمع ناز، فادر منظور، پاسٹر زاہد، جبران گل، ڈاکٹر طارق قاضی، سر انصار احمد، راجہ شبیر، ایم ایل اے یاسین لون، اور پی پی 16 کے کوارڈینیٹر سیفی کھوکھر سمیت سکول کونسل کے اراکین، پرنسپلز اور شہریوں نے شرکت کی۔
اس موقع پر گورنمنٹ گرلز ہائر سختلف سکولوں (بشمول گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری سکول نمبر 1 باغ سرداراں، گورنمنٹ کمپری ہینسو ہائی سکول ڈھوک کشمیریاں، گورنمنٹ گرلز ہائی سکول ڈھوک حسو، گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول ڈھوک حسو، گورنمنٹ ہائی سکول چک بیلی خان اور گورنمنٹ گرلز شملہ سکول راولپنڈی) کے طلبہ و طالبات نے بہترین پرفارمنس پیش کر کے تقریب کو چار چاند لگا دیے۔
تقریب کے انتظامی امور پرنسپل ڈاکٹر رابعہ اظہر اور ان کی ٹیم نے نہایت احسن طریقے سے سر انجام دیے۔





