ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میونسپل سروسز انیل سعید نے میونسپل کمیٹی ہال میں منعقدہ ڈینگی سے بچاؤ اور تدارک کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کی

اٹک ( سٹاف رپورٹر)ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میونسپل سروسز انیل سعید نے میونسپل کمیٹی ہال میں منعقدہ ڈینگی سے بچاؤ اور تدارک کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں ضلعی سطح پر مختلف محکموں کے سربراہان اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں سی ای او ہیلتھ، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی، میونسپل کمیٹی کے افسران اور دیگر متعلقہ محکموں کے نمائندگان بھی موجود تھے۔ اجلاس کے دوران ڈینگی کی روک تھام، انسدادی اقدامات اور محکمانہ کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میونسپل سروسز انیل سعید نے وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق تمام متعلقہ محکموں کو اپنی ذمہ داریاں پوری تندہی، سنجیدگی اور مؤثر انداز میں سرانجام دینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ڈینگی ایک اہم عوامی مسئلہ ہے جس کے تدارک کے لیے تمام اداروں کو باہمی رابطے اور مربوط حکمت عملی کے تحت کام کرنا ہوگا۔انہوں نے زور دیا کہ تمام محکمے اپنے متعلقہ علاقوں میں ڈینگی لاروا کی بروقت سرویلنس، صفائی ستھرائی، انسدادی کارروائیوں اور آگاہی سرگرمیوں کو مزید مؤثر بنائیں۔ کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میونسپل سروسز نے کہا کہ متعلقہ ادارے اپنی کارروائیاں بروقت مکمل کریں اور فیلڈ میں مؤثر نگرانی کو یقینی بنائیں تاکہ ڈینگی کے ممکنہ خطرات کا بروقت سدباب کیا جا سکے اور شہریوں کو اس موذی مرض سے محفوظ رکھا جا سکے۔انہوں نے تمام افسران پر زور دیا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق ڈینگی کے خاتمے کے لیے اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں ادا کریں اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔