اے این ایف کا ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن، 4 ملزمان گرفتار

5 کارروائیوں میں 42.282 کلوگرام منشیات اور 48 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 48 ہزار 298 زینیکس گولیاں برآمد

اسلام آباد (آصف ملک) اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ اے این ایف کے مطابق 5 کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 42.282 کلوگرام منشیات برآمد کی گئی۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق پشاور ایئرپورٹ پر دبئی جانے والے مسافر کے قبضے سے 320 گرام چرس برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔

اسلام آباد ایئرپورٹ پر ریاض جانے والے مسافر کے بیگ سے 6.762 کلوگرام وزنی 48 ہزار 298 زینیکس گولیاں برآمد ہوئیں۔

فیصل آباد میں چک نمبر 222 کے قریب ایک گھر پر کارروائی کے دوران 28.8 کلوگرام چرس، 2.4 کلوگرام افیون اور 10 ہزار 75 روپے برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔

ملتان میں شیر شاہ ٹول پلازہ کے قریب کارروائی کے دوران ملزم سے 400 گرام آئس برآمد کی گئی، جبکہ اسلام آباد کے سیکٹر آئی نائن میں واقع کورئیر آفس میں ایک پارسل کی تلاشی کے دوران انورٹر سے 3.6 کلوگرام چرس برآمد ہوئی۔

ترجمان کے مطابق تمام کارروائیوں کے مقدمات انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت درج کرکے مزید تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔