اے این ایف کا ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن، ایک ملزم گرفتار

 

دو کارروائیوں میں ایک کروڑ 49 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 107.6 کلوگرام منشیات برآمد

راولپنڈی (آصف ملک) اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے دو کارروائیوں میں ایک ملزم کو گرفتار کرلیا، جبکہ مجموعی طور پر ایک کروڑ 49 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 107.6 کلوگرام منشیات برآمد کرلی گئی۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق مری روڈ راولپنڈی میں قائم کوریئر آفس میں برطانیہ بھجوائے جانے والے پارسل کی تلاشی کے دوران کپڑوں میں چھپائی گئی 5.6 کلوگرام ہیروئن برآمد کرلی گئی۔

دوسری کارروائی ظاہر پیر انٹرچینج رحیم یار خان کے قریب کی گئی، جہاں ایک گاڑی سے 102 کلوگرام چرس برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔

ترجمان کے مطابق دونوں کارروائیوں کے حوالے سے انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کرکے مزید تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔