اے این ایف کا ملک بھر میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن، 8 ملزمان گرفتار

8 کارروائیوں میں 21 کروڑ 21 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 364.6 کلوگرام منشیات برآمد، بھاری مقدار میں چرس، ہیروئن، آئس اور افیون قبضے میں لے لی گئی

راولپنڈی(آصف ملک)اینٹی نارکوٹکس فورس نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 8 کارروائیوں کے دوران 8 ملزمان کو گرفتار کرلیا، کارروائیوں میں مجموعی طور پر 21 کروڑ 21 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 364.6 کلوگرام منشیات برآمد کرلی گئی۔

اے این ایف کے مطابق پشاور ایئرپورٹ پر جدہ جانے والے مسافر کے بیگ سے 330 گرام آئس اور 270 گرام ہیروئن برآمد کی گئی۔ سنگجانی ٹول پلازہ کے قریب رکشے کی تلاشی کے دوران 52.8 کلوگرام چرس اور 5.4 کلوگرام افیون برآمد کرکے 2 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

کوٹ لکھپت لاہور کے قریب موٹر سائیکل سوار 2 ملزمان سے 6 کلوگرام افیون برآمد کی گئی، جبکہ حیدرآباد میں مل کے قریب ایک مسافر کے قبضے سے 3.6 کلوگرام چرس برآمد ہوئی۔

منڈی موڑ اسلام آباد کے قریب گاڑی کی تلاشی کے دوران 1.2 کلوگرام چرس اور ایک کلوگرام آئس برآمد کرکے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔

اے این ایف نے ویسٹرن بائی پاس کوئٹہ کے قریب کارروائی کرتے ہوئے 150 کلوگرام ہیروئن برآمد کی، جبکہ شاکس جمرود، ضلع خیبر کے قریب گاڑی سے 144 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔

کوٹ لکھپت لاہور میں ایک اور کارروائی کے دوران کوریئر آفس میں انورٹر کے اندر چھپائی گئی 8.4 کلوگرام چرس بھی برآمد کرلی گئی۔

اے این ایف کے ترجمان کے مطابق تمام کارروائیوں کے مقدمات انسدادِ منشیات ایکٹ 1997ء کے تحت درج کرکے مزید تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔ منشیات کی اسمگلنگ اور غیر قانونی ترسیل میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی۔