

راولپنڈی، صوابی اور اسلام آباد میں کارروائیاں، 4 ملزمان گرفتار، 29.699 کلوگرام منشیات برآمد
اسلام آباد (آصف ملک)اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 3 کارروائیوں کے دوران 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا، کارروائیوں میں 60 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 29.699 کلوگرام منشیات برآمد کرلی گئی۔ اے این ایف ترجمان کے مطابق چکلالہ گیریژن راولپنڈی کے کورئیر آفس میں سعودی عرب جانے والے پارسل کی تلاشی کے دوران 15 وائی فائی ڈیوائسز سے 494 گرام آئس برآمد ہوئی۔ دوسری کارروائی میں کمال شیر خان انٹرچینج صوابی کے قریب ایک گاڑی سے 28.8 کلوگرام افیون برآمد کرکے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ اسلام آباد میں ایک ہوٹل کے قریب کارروائی کے دوران 2 ملزمان سے 405 گرام وزنی 710 ایکسٹیسی گولیاں بھی برآمد کی گئیں۔ اے این ایف ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔





