
اے این ایف کی بڑی کامیابی، افغان منشیات اسمگلنگ نیٹ ورک کے خلاف پاکستان اور سری لنکا میں مشترکہ کارروائی، 671 کلو آئس برآمد
کراچی بندرگاہ سے 200 جبکہ کولمبو بندرگاہ پر 2 کنٹینرز سے 471 کلو میتھ ایمفیٹامائن ضبط، افغان سرغنہ سمیت 8 کارندے گرفتار
اسلام آباد (اظہار خان نیازی) اینٹی نارکوٹکس فورس پاکستان کے تعاون اور فراہم کردہ انٹیلی جنس کی بنیاد پر افغان منشیات اسمگلنگ نیٹ ورک کے خلاف پاکستان اور سری لنکا میں بڑی مشترکہ کارروائی کی گئی، جس کے دوران کراچی اور کولمبو کی بندرگاہوں پر کنٹینرز سے مجموعی طور پر 671 کلو گرام میتھ ایمفیٹامائن، جسے عام طور پر آئس کہا جاتا ہے، برآمد کر لی گئی جبکہ نیٹ ورک کے افغان سرغنہ سمیت 8 کارندوں کو گرفتار کر لیا گیا۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق پاکستان افغانستان سے اسمگل ہونے والی منشیات کے لیے طویل عرصے سے ایک ٹرانزٹ روٹ ہونے کے ساتھ ساتھ ان منشیات سے متاثرہ ممالک میں بھی شامل رہا ہے۔ پاکستان نے اپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں کے تحت منشیات اسمگلنگ کے خلاف عالمی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ ہمیشہ قریبی تعاون جاری رکھا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اینٹی نارکوٹکس فورس نے انٹیلی جنس کی بنیاد پر ایک بین الاقوامی منشیات اسمگلنگ نیٹ ورک کے خلاف کامیاب کارروائی کرتے ہوئے جولائی 2026 میں کراچی بندرگاہ پر ایک کنٹینر سے 200 کلو گرام میتھ ایمفیٹامائن برآمد کی تھی۔ اس کارروائی کے دوران نیٹ ورک کے افغان سرغنہ احسان اللہ سمیت 2 کارندوں کو گرفتار کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان سے تفتیش کے دوران حاصل ہونے والی معلومات اور نیٹ ورک کی مجرمانہ سرگرمیوں سے متعلق اہم شواہد کا تجزیہ کیا گیا، جس کے بعد یہ معلومات سری لنکن حکام اور امریکی ڈرگ انفورسمنٹ ایڈمنسٹریشن کے ساتھ شیئر کی گئیں۔
اے این ایف پاکستان کی فراہم کردہ انٹیلی جنس کی بنیاد پر سری لنکن حکام نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کولمبو بندرگاہ پر 2 کنٹینرز سے 471 کلو گرام آئس برآمد کر لی۔ مزید کارروائی کے نتیجے میں منشیات اسمگلنگ نیٹ ورک کے 6 مزید کارندوں کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق مشترکہ آپریشن کے دوران افغانستان سے اسمگل کی جانے والی مجموعی طور پر 671 کلو گرام آئس ضبط کی گئی، جسے پاکستان کی سرزمین استعمال کرتے ہوئے بین الاقوامی منڈیوں تک پہنچانے کی کوشش کی جا رہی تھی۔
اے این ایف نے اس پورے آپریشن میں مرکزی کردار ادا کرتے ہوئے جدید انٹیلی جنس بیسڈ حکمت عملی کے ذریعے بین الاقوامی منشیات اسمگلنگ نیٹ ورک کی نشاندہی کی اور دیگر عالمی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ بروقت معلومات کے تبادلے اور مؤثر تعاون کے ذریعے بیرون ملک بھی منشیات کے خلاف بڑی کارروائی کو ممکن بنایا۔
ترجمان کے مطابق سری لنکن حکام اور امریکی ڈرگ انفورسمنٹ ایڈمنسٹریشن نے اے این ایف کے کردار کو سرکاری سطح پر سراہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی اینٹی نارکوٹکس فورس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور عالمی سطح پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مؤثر تعاون کا واضح ثبوت ہے۔
ترجمان اے این ایف نے کہا کہ فورس آئندہ بھی پاکستان کو منشیات سے پاک بنانے اور بین الاقوامی منشیات اسمگلنگ نیٹ ورکس کے خاتمے کے لیے اپنی کارروائیاں جاری رکھے گی۔





