گوجرخان میں اینٹی کرپشن کا ٹریپ ریڈ، یونین کونسل سیکرٹری رشوت لیتے گرفتار
20 ہزار روپے مبینہ رشوت کی رقم موقع سے برآمد، مقدمہ درج، مزید تفتیش جاری
گوجرخان (صنوبر کیانی) اینٹی کرپشن راولپنڈی نے کرپشن کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے یونین کونسل 67 پنج گراں کے سیکرٹری سید منور حسین شاہ کو مبینہ طور پر رشوت لیتے ہوئے گرفتار کرلیا۔
اینٹی کرپشن حکام کے مطابق کارروائی ٹریپ ریڈ کے ذریعے عمل میں لائی گئی، جس کے دوران ملزم سے 20 ہزار روپے کی مبینہ رشوت برآمد ہوئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ رشوت کی رقم موقع سے ہی قبضے میں لے لی گئی۔
اینٹی کرپشن نے گرفتار ملزم سید منور حسین شاہ کے خلاف مقدمہ نمبر 09/26 درج کرلیا ہے۔ مقدمہ تعزیرات پاکستان کی دفعہ 161 اور انسدادِ رشوت ستانی ایکٹ کی دفعہ 5(2)47 کے تحت درج کیا گیا ہے۔
اینٹی کرپشن حکام کے مطابق گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔





