اڈیالہ روڈ پر بس کی موٹر سائیکل کو ٹکر،9 سالہ بچی جاں بحق، مشتعل افراد کا احتجاج
راولپنڈی:(سید شاہد وحید ہاشمی)اڈیالہ روڈ پر منور کالونی کے قریب بس کی موٹر سائیکل کو ٹکر کے نتیجے میں والد کے ساتھ سوار 9 سالہ بچی جاں بحق ہوگئی، جبکہ موٹر سائیکل سوار بچی کا والد اور دوسری کمسن بچی محفوظ رہے۔پولیس کے مطابق افسوسناک حادثہ اڈیالہ روڈ پر ایک نجی مارٹ کے سامنے پیش آیا، جہاں ایک گرین بس نے موٹر سائیکل کو ٹکر ماری۔ حادثے کے نتیجے میں موٹر سائیکل پر والد کے ساتھ بیٹھی 9 سالہ عائشہ شدید زخمی ہوگئی اور موقع پر ہی دم توڑ گئی۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور بس کے ڈرائیور کو اپنی تحویل میں لے لیا۔بچی کی ہلاکت پر علاقہ مکین مشتعل ہوگئے اور اڈیالہ روڈ پر احتجاج کرتے ہوئے بس پر پتھراؤ شروع کردیا۔پولیس کے مطابق مشتعل افراد نے بس کو نذرِ آتش کرنے کی کوشش بھی کی، تاہم پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے صورتحال پر قابو پایا اور بس کو آگ لگانے کی کوشش ناکام بنا دی۔ پولیس نے ہنگامہ آرائی میں ملوث 10 افراد کو حراست میں لے لیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں جبکہ حادثے کے محرکات اور ذمہ داری کا تعین تفتیش مکمل ہونے کے بعد کیا جائے گا۔





