کمشنر راولپنڈی کی مجوزہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے  ٹی او آرز جلد حتمی شکل دینے کی ہدایت

کمشنر راولپنڈی کی مجوزہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے  ٹی او آرز جلد حتمی شکل دینے کی ہدایت

آر ڈی اے میں مؤثر انفورسمنٹ کے لیے خصوصی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے قیام کی پیش رفت

راولپنڈی(اسٹاف رپورٹر) کمشنر راولپنڈی ڈویژن و ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی سلمان غنی کی ہدایات پر مجوزہ آر ڈی اے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے قیام کے لیے ٹرمز آف ریفرنسز   کا جائزہ لینے کے حوالے سے اجلاس آر ڈی اے کانفرنس روم میں منعقد ہوا، جس کی صدارت کمشنر راولپنڈی نے کی۔  ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن آر ڈی اے نوشین اسرار نے مجوزہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ اور اس کے طریقۂ کار کے حوالے سے پریزنٹیشن دی۔ انہوں نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مجوزہ نظام کے تحت آر ڈی اے کے دائرہ اختیار میں آنے والے علاقوں میں انفورسمنٹ آپریشنز کو مربوط، مؤثر اور نتیجہ خیز بنایا جائے گا۔  اجلاس کو بتایا گیا کہ آر ڈی اے کی چار اہم آپریشنل ڈائریکٹوریٹس، یعنی ٹاؤن پلاننگ، بلڈنگ کنٹرول، اسٹیٹ مینجمنٹ اور لینڈ ڈویلپمنٹ کے افسران و اہلکار انفورسمنٹ کی سرگرمیوں میں حصہ لیں گے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تجاوزات، غیر قانونی تعمیرات، زیر تعمیر غیر قانونی عمارات اور آر ڈی اے کے دائرہ اختیار میں قائم غیر قانونی و غیر منظور شدہ ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف کارروائیوں کے دوران ضرورت کے مطابق پنجاب پولیس راولپنڈی اور پیرا فورس سے معاونت حاصل کی جائے گی۔  مجوزہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے قیام سے انفورسمنٹ آپریشنز کے لیے ایک مربوط ادارہ جاتی نظام قائم ہوگا، متعلقہ آر ڈی اے ڈائریکٹوریٹس کے درمیان فیلڈ کوآرڈی نیشن بہتر ہوگی اور پلاننگ و بلڈنگ ریگولیشنز کی خلاف ورزیوں سمیت غیر قانونی ڈویلپمنٹ سرگرمیوں کے خلاف مؤثر کارروائی یقینی بنائی جا سکے گی۔  کمشنر راولپنڈی نے ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن نوشین اسرار کی جانب سے جامع تجویز پیش کرنے کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ مجوزہ ٹرمز آف ریفرنسز کو جلد از جلد حتمی شکل دی جائے تاکہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کو مؤثر، منظم اور پیشہ ورانہ انداز میں مکمل طور پر فعال کیا جا سکے۔  اجلاس میں ایڈیشنل ڈی جی آر ڈی اے مسعود احمد بخاری، چیف پلانر آر ڈی اے محمد طاہر میو، ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ افتخار علی، ڈائریکٹر لینڈ غضنفر علی اعوان، ڈائریکٹر فنانس مسعود ارشد، ڈائریکٹر انجینئرنگ کومل چوہدری، ڈپٹی ڈائریکٹر فنانس عائشہ بدر، ڈپٹی ڈائریکٹر آئی ٹی داؤد خالد سمیت آر ڈی اے کے دیگر افسران نے شرکت کی۔۔۔۔۔۔