گیس ترقیاتی سرچارج اور جی آئی ڈی سی ترمیمی بل مؤخر، پٹرولیم ٹریننگ فنڈ شفاف انداز میں استعمال کرنے کی ہدایت
اسلام آباد (اظہار خان نیازی) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پٹرولیم ڈویژن نے قدرتی گیس ترقیاتی سرچارج ترمیمی بل 2026ء اور جی آئی ڈی سی ترمیمی بل 2026ء پر غور مؤخر کردیا۔ سید مصطفیٰ محمود کی زیرصدارت اجلاس میں کھاد صنعت پر اضافی مالی بوجھ اور اس کے کسانوں پر ممکنہ اثرات کا جائزہ لیا گیا۔
کمیٹی ارکان نے کہا کہ جی آئی ڈی سی سے حاصل رقم کا فائدہ بالآخر کسانوں کو پہنچنا چاہیے۔ کھاد کمپنیوں نے گیس انفراسٹرکچر میں اپنی سرمایہ کاری کو جی آئی ڈی سی واجبات میں ایڈجسٹ کرنے کی تجویز دی۔
کمیٹی نے پٹرولیم ٹریننگ فنڈ کے کم استعمال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مستحق طلبہ اور پٹرولیم پیدا کرنے والے علاقوں کے نوجوانوں کو وظائف، تعلیم اور ہنر کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔ ڈی جی پی سی کو صوبائی حکومتوں سے مشاورت کے بعد شفاف اور میرٹ پر مبنی رہنما اصول حتمی شکل دینے کی ہدایت کی گئی۔





