یوم دفاع و شہداء، گوجر خان میں پروقار تقریب، شہداء کو خراج عقیدت
چئیرمین سویٹ ہومز زمرد خان،پارلیمانی سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ضیاء اللہ شاہ ایم پی اے،سابق فوجی افسران ،سیاسی و سماجی راہنماؤں اور عوام کی بھرپور شرکت
گوجر خان(صنوبر کیانی) یوم دفاع و شہداء کی مناسبت سے پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی کے زیر اہتمام گوجر خان میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں 1965ء کی جنگ کے دوران چونڈہ سیکٹر میں وطن عزیز کے دفاع کے لیے جان کا نذرانہ پیش کرنے والے شہید نائیک محمد اکثر سمیت تمام شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ تقریب میں سابق فوجی افسران، سیاسی و سماجی شخصیات، شہداء کے اہل خانہ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ شرکاء نے ملکی بقا، قومی سلامتی اور خودمختاری کو شہداء پاکستان کی عظیم قربانیوں کا ثمر قرار دیتے ہوئے کہا کہ وطن کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر سپوت قوم کے حقیقی ہیرو ہیں اور ان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کموڈور (ر) ارشد محمود خان نے کہا کہ قوم آج آزاد فضا میں سانس لے رہی ہے تو اس میں شہداء کی قربانیوں کا بنیادی کردار ہے، جنہوں نے وطن کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کی پروا نہیں کی۔ لیفٹیننٹ جنرل (ر) سجاد حیدر نے کہا کہ جب بھی وطن نے پکارا، خطہ پوٹھوہار کے بہادر سپوتوں نے اپنا لہو پیش کیا اور دفاع وطن کی تاریخ میں اپنی لازوال قربانیوں سے روشن باب رقم کیے۔ تحریک جوان پاکستان کے رہنما عبداللہ حمید گل نے کہا کہ شہداء کی قربانیوں کی وجہ سے قوم آج عزت اور وقار کے ساتھ زندگی گزار رہی ہے، ان کی قربانیاں ہماری قومی تاریخ کا قیمتی سرمایہ ہیں۔ چیئرمین پاکستان سویٹ ہوم زمرد خان نے کہا کہ پوٹھوہار کی دھرتی نے ہمیشہ وطن کے لیے قربانیاں دینے والے بہادر سپوت پیدا کیے ہیں، یہاں کے جوانوں نے ہر مشکل گھڑی میں ملک کے دفاع میں نمایاں کردار ادا کیا۔ رکن صوبائی اسمبلی ضیاء اللہ شاہ نے کہا کہ مشکل وقت میں پوری قوم پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہوئی اور جوانوں نے بے مثال بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کے عزائم ناکام بنائے۔ مقررین نے کہا کہ یوم دفاع و شہداء محض ایک قومی دن نہیں بلکہ یہ تجدید عہد کا موقع ہے کہ ملک کی سلامتی، خودمختاری اور دفاع کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کے اہل خانہ پوری قوم کے لیے قابل احترام ہیں اور ان کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ پاکستان کو مضبوط، مستحکم اور خوشحال بنانے کے لیے قومی یکجہتی، نظم و ضبط اور ذمہ داری کا مظاہرہ کیا جائے۔ تقریب کے اختتام پر شہداء پاکستان کے درجات کی بلندی، ملک کی سلامتی، استحکام اور ترقی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔





