راولپنڈی (نیوز رپورٹر)
علامہ سید ریاض حسین شاہ، سرپرستِ اعلیٰ ادارہ تعلیماتِ اسلامیہ، خیابانِ سرسید، نے کہا کہ یومِ دفاعِ پاکستان محض ایک تاریخی واقعہ یاد کرنے کا دن نہیں بلکہ اپنے وطن سے وفاداری کے عہد کو تازہ کرنے کا موقع ہے۔ 6 ستمبر ہمیں ان سپوتوں کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے اپنی جانوں کی پروا کیے بغیر ملک کے دفاع کو مقدم رکھا۔
انہوں نے یوم دفاع کی مناسبت سے اپنے اہم بیان میں کہا کہ قومیں صرف جنگی محاذوں پر نہیں بلکہ اپنے کردار، نظم و ضبط، اتحاد اور ذمہ داری کے ذریعے بھی وطن کا دفاع کرتی ہیں۔ آج پاکستان کو مضبوط بنانے کے لیے ہمیں اپنی صلاحیتوں کو قومی مفاد میں بروئے کار لانا ہوگا اور نئی نسل میں حب الوطنی، دیانت اور خدمتِ خلق کا جذبہ اجاگر کرنا ہوگا۔علامہ سید ریاض حسین شاہ نے کہا کہ شہداء کی قربانی کا حقیقی احترام یہ ہے کہ ہم اپنے حصے کی ذمہ داری پوری کریں، قانون کی پاسداری کریں، معاشرے میں نفرت کے بجائے بھائی چارے کو فروغ دیں اور پاکستان کی تعمیر و ترقی میں مثبت کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ دفاعِ وطن کے لیے قربانیاں دینے والے ہمارے قومی اثاثہ ہیں، ان کی جدوجہد ہمیں یہ پیغام دیتی ہے کہ وطن کی سلامتی اجتماعی ذمہ داری ہے اور اس مقصد کے لیے پوری قوم کو یکسو ہو کر آگے بڑھنا ہوگا۔انہوں نے شہداء و غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمیشہ قائم و دائم رہے، اس کی سرحدیں محفوظ اور عوام خوشحال ہوں، یہی ہر محبِ وطن کی دعا اور خواہش ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔





