برطانیہ ورک ویزا کے نام پر 90 لاکھ روپے کا فراڈ، ملزم گرفتار

برطانیہ ورک ویزا کے نام پر 90 لاکھ روپے کا فراڈ، ملزم گرفتار

ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل راولپنڈی کی کارروائی، انسانی اسمگلنگ اور ویزا فراڈ میں ملوث ملزم محمد رمضان گرفتار، مزید تفتیش جاری

راولپنڈی(رپورٹ:اظہار خان نیازی) ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل راولپنڈی نے انسانی اسمگلنگ، ویزا فراڈ اور بیرون ملک ملازمت کے نام پر شہری سے دھوکہ دہی میں ملوث ملزم محمد رمضان کو گرفتار کرلیا۔

ایف آئی اے کے مطابق ملزم کے خلاف مقدمہ نمبر 08/2026 امیگریشن آرڈیننس 1979 کی دفعات 18 اور 22 کے تحت درج کیا گیا ہے۔ شکایت کے مطابق ملزم نے اپنے ساتھی کے ہمراہ مدعی کو برطانیہ کا ورک ویزا دلوانے کا جھانسہ دے کر 90 لاکھ روپے وصول کیے۔

تاہم رقم وصول کرنے کے باوجود نہ تو مدعی کو برطانیہ بھجوایا گیا اور نہ ہی رقم واپس کی گئی۔ ایف آئی اے نے انکوائری نمبر 1448/2025 مکمل ہونے کے بعد ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے کارروائی عمل میں لائی۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ مقدمے میں ملوث دیگر افراد کے کردار کا بھی تعین کیا جا رہا ہے۔

ایف آئی اے اسلام آباد زون کا کہنا ہے کہ انسانی اسمگلنگ، ویزا فراڈ اور بیرون ملک ملازمت کے نام پر شہریوں کو دھوکہ دینے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔