*



*
*مری روڈ گرین بیلٹس پر موجود پودوں کی نگہداشت کے لیے خصوصی اقدامات*
راولپنڈی(نیوز رپورٹر)ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی کی جانب سے شہر کی اہم شاہراہ مری روڈ کو خوبصورت، سرسبز اور دیدہ زیب بنانے کے لیے خصوصی اقدامات جاری ہیں۔ مری روڈ کی گرین بیلٹس، میڈینز اور اطراف کے سبزہ زاروں کی صفائی، تزئین و آرائش اور پودوں کی نگہداشت پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
ہارٹیکلچر ایجنسی کے فیلڈ اسٹاف کی جانب سے گرین بیلٹس پر موجود پودوں اور موسمی پھولوں کو باقاعدگی سے پانی فراہم کیا جا رہا ہے، جبکہ گھاس کی کٹائی، پودوں اور جھاڑیوں کی تراش خراش، گوڈی اور صفائی سمیت دیگر ضروری ہارٹیکلچر سرگرمیاں بھی جاری ہیں۔
مری روڈ کے مختلف مقامات پر گرین بیلٹس کی حالت بہتر بنانے کے لیے لینڈ اسکیپنگ اور موسمی پھولوں و ماحول دوست پودوں کی شجرکاری پر بھی کام کیا جا رہا ہے، تاکہ شاہراہ کا حسن مزید نمایاں ہو اور شہریوں کو خوشگوار ماحول میسر آئے۔
ایم ڈی ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی احمد حسن رانجھا نے کہا کہ مری روڈ شہر کی اہم شاہراہ ہونے کے باعث خصوصی توجہ کی مستحق ہے۔ گرین بیلٹس کو خوبصورت بنانا ہی کافی نہیں بلکہ پودوں کی مسلسل نگہداشت اور بروقت دیکھ بھال بھی ضروری ہے، جس کے لیے فیلڈ اسٹاف کو متحرک رکھا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سرسبز گرین بیلٹس شہر کے حسن میں اضافے کے ساتھ ماحولیاتی آلودگی میں کمی اور شہریوں کو صاف و صحت مند ماحول کی فراہمی میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ راولپنڈی کو سرسبز اور خوبصورت بنانے کے لیے پارکس، گرین بیلٹس اور اہم شاہراہوں کی تزئین و آرائش کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
ایم ڈی احمد حسن رنجھا نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ مری روڈ سمیت شہر کی تمام اہم گرین بیلٹس اور پارکس میں صفائی اور پودوں کی نگہداشت کے امور کی مؤثر نگرانی یقینی بنائی جائے۔
انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ گرین بیلٹس کو صاف رکھنے، پودوں کی حفاظت کرنے اور شہر کی خوبصورتی برقرار رکھنے میں ہارٹیکلچر ایجنسی کا ساتھ دیں۔





