ڈنمارک کا ایمپلائمنٹ ویزا دلانے کے نام پر 22 لاکھ روپے ہتھیانے والا انسانی اسمگلر گرفتار

ڈنمارک کا ایمپلائمنٹ ویزا دلانے کے نام پر 22 لاکھ روپے ہتھیانے والا انسانی اسمگلر گرفتار

ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد کی کارروائی، بیرون ملک فرار کی کوشش کے دوران ملزم اسٹاپ لسٹ پر پکڑا گیا

اسلام آباد(رپورٹ:اظہار خان نیازی) ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد نے انسانی اسمگلنگ میں ملوث ملزم ابراہیم خان کو گرفتار کر لیا۔ ایف آئی اے کے مطابق ملزم انسانی اسمگلنگ کے مقدمہ نمبر 290/2025 میں مطلوب تھا اور بیرون ملک فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔

مقدمے کے مطابق ملزمان نے متاثرین کو ڈنمارک کے ایمپلائمنٹ ویزا فراہم کرنے کا جھانسہ دے کر فی کس 22 لاکھ روپے وصول کرنے کا وعدہ کیا، جبکہ متاثرین کی جانب سے بیشتر رقم پہلے ہی ادا کی جاچکی تھی۔ ملزم بیرون ملک فرار ہونے کیلئے روانہ ہونے کی کوشش کر رہا تھا کہ امیگریشن کلیئرنس کے دوران آئی بی ایم ایس سسٹم میں موجود اسٹاپ لسٹ پر نام آنے کے باعث اسے گرفتار کرلیا گیا۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق گرفتار ملزم کو مزید قانونی کارروائی اور تفتیش کیلئے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد کے حوالے کردیا گیا ہے، جبکہ ملزم کے دیگر ساتھیوں اور سہولت کاروں کے کردار کا تعین کرنے کیلئے تفتیش جاری ہے۔

ایف آئی اے اسلام آباد زون نے انسانی اسمگلنگ اور غیر قانونی امیگریشن میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔