اسلام آباد پولیس کے جدید کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا افتتاح، آئی جی کو مرکزی کمانڈ کا اختیار

اسلام آباد پولیس کے جدید کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا افتتاح، آئی جی کو مرکزی کمانڈ کا اختیار

سیف سٹی، پولیس آپریشنز اور امن و امان کی صورتحال کی براہِ راست نگرانی، جدید مصنوعی ذہانت اور ٹیکنالوجی سے رسپانس ٹائم بہتر ہوگا، محسن نقوی

اسلام آباد (اظہار خان نیازی) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد پولیس کے جدید کمانڈ، کنٹرول، کمیونیکیشن اینڈ کوآرڈینیشن سینٹر کا افتتاح کر دیا۔ نئے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے ذریعے آئی جی اسلام آباد اپنے دفتر سے سیف سٹی، پولیس آپریشنز اور شہر میں امن و امان کی صورتحال کو براہِ راست مانیٹر اور کمانڈ کر سکیں گے۔

محسن نقوی نے کہا کہ جدید سینٹر سے اسلام آباد پولیس کی کمانڈ، مانیٹرنگ، رابطہ کاری اور فوری فیصلہ سازی کے نظام میں نمایاں بہتری آئے گی، جبکہ سیف سٹی سمیت پولیس کے تمام اہم آپریشنل نظام ایک مرکزی کمانڈ اینڈ کنٹرول پلیٹ فارم سے منسلک ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی ہنگامی یا سکیورٹی صورتحال میں آئی جی اسلام آباد براہِ راست صورتحال مانیٹر کرکے فوری احکامات جاری کر سکیں گے، جدید مصنوعی ذہانت اور ٹیکنالوجی پر مبنی نظام سے پولیس کی کارکردگی، رسپانس ٹائم اور فیلڈ فورس کی نگرانی مزید مؤثر ہوگی۔

وفاقی وزیر داخلہ نے سینٹر کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور جدید مانیٹرنگ و کمانڈ سسٹم کا جائزہ لیا۔ انہیں سیف سٹی کے ساتھ مربوط نظام، پولیس آپریشنز، فیلڈ فورس کی نگرانی، ہنگامی حالات میں فوری ردعمل اور جدید مصنوعی ذہانت پر مبنی ٹیکنالوجی کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

محسن نقوی نے کہا کہ نئے سینٹر کا بنیادی مقصد آئی جی اسلام آباد کو ایک ہی مقام سے پوری اسلام آباد پولیس کی مؤثر کمانڈ اور مانیٹرنگ کی سہولت فراہم کرنا ہے، جدید نظام سے پولیس کے مختلف یونٹس کے درمیان رابطہ اور کوآرڈینیشن مزید بہتر ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی واقعے یا ہنگامی صورتحال میں بروقت معلومات، فوری فیصلہ سازی اور تیز رفتار پولیس رسپانس ممکن ہوگا، جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے پولیس کی کمانڈ، مانیٹرنگ اور احتساب کے نظام کو مزید مضبوط بنانا ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ سینٹر سے فیلڈ میں پولیس کی کارکردگی کی مؤثر نگرانی بھی ممکن ہوگی، شہریوں کا تحفظ، پولیس کی کارکردگی میں بہتری اور اسلام آباد میں امن و امان کا قیام ہماری اولین ترجیح ہے۔

اس موقع پر آئی جی اسلام آباد پولیس، ڈی جی آئی جی اسلام آباد اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔