اسلام آباد(کرائم رپورٹر)خواتین کے تحفظ اور ذاتی حفاظت کے حوالے سے اسلام آباد ماڈل سکول فار گرلز میں آگاہی سیمینار۔پولیس افسران نے اساتذہ و طالبات کو روزمرہ زندگی میں حفاظتی تدابیر، محتاط رویے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں پولیس سے بروقت رابطے کے حوالے سے آگاہی فراہم کی۔خواتین اور طالبات کی حفاظت اسلام آباد پولیس کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔
ایس پی سٹی زون ڈاکٹر ایاز حسین تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ماڈل سکول فار گرلز میں خواتین کی ذاتی حفاظت اور سکیورٹی کے حوالے سے ایک معلوماتی اور آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس میں اساتذہ و طالبات کو روزمرہ زندگی میں حفاظتی تدابیر، محتاط رویے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں پولیس سے بروقت رابطے کے حوالے سے آگاہی فراہم کی گئی۔سیمینار سے سپرٹینڈنٹ آف پولیس سٹی زون ڈاکٹر ایاز حسین، ایس ایچ او تھانہ ویمن مصباح شہباز اور ایس ایچ او تھانہ انڈسٹریل ایریا اشتیاق شاہ نے خطاب کیا۔ مقررین نے طالبات کو ذاتی تحفظ، محفوظ طرزِ عمل، مشکوک سرگرمیوں کی نشاندہی اور کسی بھی ناخوشگوار صورتحال میں فوری طور پر متعلقہ اداروں سے رابطہ کرنے کے حوالے سے اہم معلومات فراہم کیں۔ایس پی سٹی زون ڈاکٹر ایاز حسین نے اپنے خطاب میں کہا کہ خواتین اور طالبات کی حفاظت اسلام آباد پولیس کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے طالبات پر زور دیا کہ وہ اپنے اردگرد کے ماحول سے باخبر رہیں، غیر ضروری طور پر کسی اجنبی پر اعتماد نہ کریں اور کسی بھی مشکوک شخص، سرگرمی یا صورتحال کی صورت میں فوری طور پر پولیس کو اطلاع دیں۔انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں گھبرانے کے بجائے پرسکون رہتے ہوئے بروقت اور درست فیصلہ کرنا انتہائی ضروری ہے۔ طالبات کو چاہیے کہ وہ اپنے والدین، اساتذہ اور پولیس کے ساتھ رابطے میں رہیں اور کسی بھی مسئلے کو چھپانے کے بجائے بروقت رپورٹ کریں تاکہ پولیس موثر کارروائی کر سکے۔ایس ایچ او تھانہ ویمن مصباح شہباز نے خواتین کو درپیش مسائل، پولیس سے رابطے کے طریقہ کار اور خواتین کے لیے دستیاب پولیس سہولیات کے حوالے سے شرکاءکو آگاہ کیا۔ انہیں اسلام آباد میں کسی عام پولیس اسٹیشن کی سربراہی کرنے والی پہلی خاتون ایس ایچ او ہونے کا اعزاز حاصل ہے، جو اسلام آباد پولیس میں خواتین کی قیادت اور پیشہ ورانہ کردار کے فروغ کی عکاسی کرتا ہے۔سیمینار کا مقصد طالبات میں ذاتی حفاظت کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا، انہیں بااعتماد بنانا اور پولیس و شہریوں کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط کرنا تھا۔ شرکاءنے سیمینار کو مفید اور معلوماتی قرار دیتے ہوئے اسلام آباد پولیس کی جانب سے خواتین کے تحفظ اور آگاہی کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو سراہا۔





