اسلام آباد(نیوز رپورٹر) آزاد کشمیر کے سدھنوتی ضلع کی سیاست میں بڑی سیاسی پیش رفت، حلقہ بلوچ اور پونچھ حلقہ 5 سے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ(ن) کو بڑا جھٹکا، متعدد بااثر سیاسی گھرانوں اور سرکردہ رہنماؤں نے دیگر جماعتوں سے علیحدگی اختیار کرتے ہوئے سردار تنویر الیاس خان کی قیادت پر اعتماد کرتے ہوئےاستحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی۔ شمولیتی تقریب نے پونچھ ڈویژن بالخصوص سدھنوتی اور بلوچ کی سیاسی صف بندی میں نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ مرکزی سیکرٹریٹ اسلام آباد میں منعقدہ گرینڈ شمولیتی تقریب میں سابق صدارتی مشیر سردار عنایت اللہ عارف کی قیادت میں مختلف یونین کونسلز سے تعلق رکھنے والے اہم سیاسی رہنماؤں اور کارکنوں نے صدر استحکام پاکستان پارٹی آزاد کشمیر و سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے آئی پی پی میں شمولیت کا اعلان کیا، جس پر سردار تنویر الیاس خان نے نئے شامل ہونے والوں کو پارٹی مفلر پہنا کر خوش آمدید کہا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ پونچھ ڈویژن کے انتخابات میں استحکام پاکستان پارٹی پوری قوت کے ساتھ میدان میں اترے گی اور بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی، مرحلہ وار انتخابات کے انعقاد سے آئی پی پی کو نقصان پہنچا تاہم اب پارٹی اپنی سیاسی قوت اور کارکنوں کی بھرپور توانائی کے ساتھ پونچھ میں انتخابی میدان میں موجود ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی کارکن کسی بھی جماعت کا اصل سرمایہ ہوتے ہیں، کارکنوں کی محنت اور جدوجہد ہی سیاسی جماعتوں کو مضبوط بناتی ہے اور کارکنوں کے بغیر سیاست کا تصور نامکمل ہے۔ سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ ان کی حکومت نے آزاد کشمیر میں بلدیاتی انتخابات کرائے اور وفاق کی جانب سے سکیورٹی فورسز فراہم نہ کیے جانے کے باوجود آزاد کشمیر پولیس کے ذریعے انتخابات پرامن انداز میں مکمل کیے گئے، پوری ریاست میں ایک چاقو تک نہیں چلا، لیکن آج آزاد کشمیر کے حالات سب کے سامنے ہیں، لوگ خوف کے ماحول میں زندگی گزار رہے ہیں، کہیں فون بند ہے اور کہیں انٹرنیٹ دستیاب نہیں، عوام ایک دوسرے کی خوشی غمی میں شریک ہونے سے بھی قاصر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے حلقے میں جا رہے تھے تو ان پر قاتلانہ حملہ کیا گیا، ریاست کے حالات بہتر بنانے میں جہاں بھی ہماری ضرورت پڑی ہم اپنا کردار ادا کرنے کے لیے حاضر ہیں۔ اس موقع پر حلقہ بلوچ ایل اے 24 سیون سے استحکام پاکستان پارٹی کے امیدوار سردار عنایت اللہ عارف نے بھی اپنی سیاسی قوت کا بھرپور اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان شاء اللہ اقتدار میں آکر حلقہ بلوچ کی تمام محرومیوں کا ازالہ کریں گے، عوام کے حقوق کی جنگ آخری حد تک لڑیں گے اور مسائل ان کی دہلیز پر حل کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچ کے عوام تبدیلی چاہتے ہیں اور آئی پی پی ان کے اعتماد پر پورا اترے گی۔ شمولیت اختیار کرنے والوں میں سردار رائے محمد سعید خان، سردار محمد فاروق، مفتی حافظ عبدالرحمن، اجمل کیانی، مولانا اصغر ربانی، ملک زرین طاہر، ملک عبدالحمید، بدر منیر، حاجی محمد بشیر، محمد رفیع، سردار محمد انور، ملک محمد عظیم، قاری بشیر، قاری کاشف، سردار اصغر، محمد اکرم، ملک قمر، سردار علی، ملک عبدالرحمان، کلیم اعوان، صداقت حسین، عاصم ملک، محمد ریاض، محمد مہران، حمزہ ملک، راجہ عبدالکریم، ملک کاشف، محمد عاصم، آصف کیانی، ڈاکٹر مصدق، مبشر حسین، واصف علی، محمد طاہر، شعیب حسین، مدثر محمود، محمد ارشد، محمد قیصر، خواجہ الطاف اور طارق جبکہ حلقہ پونچھ 5 سے محمد اعجاز، شفقت منور، ایاز سید، عارف اکبر، پرویز خان، مولانا عبدالماجد عباسی، نادر خان، فیصل عباسی، شکیل خان، عبدالحمید، محمد ندیم، محمود خان، ازکار شاہ، محمد سعید، محمد آفتاب، محمد عامر، سید علی، تاج خان، محمد فاصل، محمد یاسین، راجہ محمد سجاد، راجہ یاسر، راجہ واصف، راجہ تحسین اور معویہ فاضل شامل ہیں۔ تقریب میں امیدوار اسمبلی آئی پی پی حلقہ پلندری سردار رئیس انقلابی، امیدوار اسمبلی آئی پی پی حلقہ بلوچ سردار عنایت اللہ عارف، امیدوار اسمبلی آئی پی پی حلقہ راولاکوٹ سٹی سردار بلال شکیل ایڈووکیٹ، سابق معاون خصوصی سردار امتیاز شاہین، ملک سجاد ضیاء ایڈووکیٹ، سردار رائے سعید، سردار عظمان فدا، سردار فاران انور، سردار عاصم حمید اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔





