محسن نقوی کا سی ڈی اے فیسلیٹیشن سنٹر کا اچانک دورہ، ایجنٹس کے خلاف بھرپور ایکشن کا حکم
لمبی قطاروں، رش اور شہریوں کو انتظار کی زحمت پر وزیر داخلہ کا اظہار ناراضی، نئے کاؤنٹرز بنانے اور فیسلیٹیشن سنٹر کو مکمل ڈیجیٹل کرنے کی ہدایت
اسلام آباد(اظہار خان نیازی) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سی ڈی اے فیسلیٹیشن سنٹر کا اچانک دورہ کیا اور وہاں موجود شہریوں سے براہِ راست مسائل دریافت کیے۔ وفاقی وزیر داخلہ نے فیسلیٹیشن سنٹر میں ایجنٹس کی موجودگی کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ان کے خلاف بھرپور کارروائی کا حکم دیا۔
محسن نقوی نے واضح کیا کہ فیسلیٹیشن سنٹر میں کوئی ایجنٹ نظر نہیں آنا چاہیے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ شہریوں کو خدمات کے حصول میں کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ ہو اور ایجنٹس کے کردار کا مکمل خاتمہ کیا جائے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے سینئر سٹیزن کاؤنٹر کا بھی دورہ کیا اور بزرگ شہریوں کے مسائل فوری طور پر حل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کاؤنٹرز پر لمبی قطاروں، رش اور شہریوں کے طویل انتظار پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فیسلیٹیشن سنٹر آنے والے شہریوں کو بہترین انداز میں سہولت فراہم کی جائے۔
وزیر داخلہ نے عمارت کی تزئین و آرائش کے ساتھ نئے کاؤنٹرز بنانے کے احکامات بھی جاری کیے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ شہریوں کی سہولت کے لیے فیسلیٹیشن سنٹر کے نظام کو مکمل طور پر ڈیجیٹل بنایا جائے تاکہ مسائل کا فوری اور شفاف حل ممکن ہو۔
اس موقع پر شہریوں نے وفاقی وزیر داخلہ کو بتایا کہ فیسلیٹیشن سنٹر کا نظام اب بھی مینول ہے اور مکمل ڈیجیٹلائزیشن نہیں ہوئی، جبکہ مقررہ تاریخ پر ضروری دستاویزات فراہم نہ ہونے کے باعث انہیں بار بار سنٹر کے چکر لگانا پڑتے ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہریوں کے مسائل کے ازالے کے لیے موقع پر ہی متعلقہ حکام کو ضروری احکامات جاری کیے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو بہتر اور بروقت خدمات کی فراہمی یقینی بنائی جائے، شہریوں کو غیر ضروری انتظار اور دقت کا سامنا نہیں ہونا چاہیے۔
محسن نقوی نے ہدایت کی کہ مقررہ تاریخ پر دستاویزات کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور ڈیجیٹل نظام کے ذریعے شہریوں کے مسائل کا فوری اور شفاف حل ممکن بنایا جائے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے شہریوں کو یقین دہانی کرائی کہ ایک ماہ کے اندر فیسلیٹیشن سنٹر کی سہولتوں اور نظام میں واضح بہتری نظر آئے گی۔





