مری پولیس کی سال 2026 میں نمایاں کارکردگی، جرائم کی روک تھام اور سیاحوں کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات جاری

 

مری (کرائم رپورٹر ) ڈی پی او مری رضا تنویر سپرا نے جناح ہال مری میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سال 2026 کے دوران مری پولیس کی مجموعی کارکردگی، جرائم کی صورتحال اور شہریوں و سیاحوں کے تحفظ کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے میڈیا نمائندگان کو آگاہ کیا۔ پریس کانفرنس میں مختلف ٹی وی چینلز، اخبارات اور دیگر میڈیا اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ڈی پی او مری نے بتایا کہ رواں سال قتل کے 9 مقدمات میں 30 ملزمان نامزد ہوئے، جن میں سے 19 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جبکہ اغواء کے 5 مقدمات میں 5 بچوں کو بازیاب کرایا گیا۔ اسی طرح ڈکیتی، چوری، موبائل فون اور گاڑی چوری کے مقدمات میں بھی متعدد ملزمان گرفتار کرکے مالِ مسروقہ برآمد کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ منشیات فروشوں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران سال 2026 میں 116 مقدمات درج کرکے 129 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جن کے قبضے سے 75 کلو 5 گرام چرس، 140 لیٹر شراب اور 22 گرام آئس برآمد ہوئی۔ ناجائز اسلحہ کے خلاف کارروائیوں میں 53 مقدمات درج کرکے 61 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ڈی پی او کے مطابق اشتہاری اور عدالتی مفرور ملزمان کے خلاف بھی کارروائیاں جاری رہیں، جن کے دوران 75 اشتہاری اور 40 عدالتی مفرور ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔رضا تنویر سپرا نے بتایا کہ سال 2026 کے دوران مجموعی طور پر 28 لاکھ 55 ہزار 124 گاڑیاں ضلع مری میں داخل ہوئیں۔ مری پولیس نے ٹریفک مینجمنٹ، رہنمائی، پٹرولنگ اور سیکیورٹی کے مؤثر اقدامات کے ذریعے شہریوں اور سیاحوں کو محفوظ اور پُرامن سفری ماحول فراہم کیا۔انہوں نے کہا کہ شہریوں اور سیاحوں کے تحفظ کے لیے سیف سٹی پراجیکٹ، جدید کیمروں، پٹرولنگ اور جدید ٹیکنالوجی کا مؤثر استعمال جاری ہے۔ سیاحوں کی سہولت کے لیے Safe Tourism Murree App، WhatsApp Service اور Text to DPO جیسی سہولیات بھی فراہم کی گئی ہیں۔ڈی پی او مری نے مزید بتایا کہ عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے کھلی کچہریوں کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ نئے ضلع مری میں پولیسنگ کے نظام کو مزید مضبوط بنانے کے لیے 179 نئی آسامیوں پر بھرتی بھی کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ مری پولیس شہریوں اور سیاحوں کے جان و مال کے تحفظ، امن و امان کے قیام، ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور محفوظ سیاحت کے فروغ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔